
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ۔ جماعت اسلامی راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپوحیدرآباد ، 4 نومبر(ہ س)۔ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کے زیرِ اہتمام مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ کے عنوان سے حقوقِ ہمسایہ ایکسپو نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا مقصد صحت مند سماجی رویوں کوفروغ دینا، پڑوسیوں کے حقوق کی اہمیت کواجاگر کرنا اور ایک مثالی اورہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کے لیے بیداری پیدا کرنا تھا۔ ایکسپو میں شعبۂ خواتین، سی آئی اواور جی آئی او کی جانب سے 18 تخلیقی اور جامع ماڈلز پیش کیے گئے جن میں سماجی تعاون، ماحولیات کا تحفظ، تعلیم، صحت، کمیونٹی سپورٹ اور ذمہ دار شہری ہونے جیسے اہم موضوعات کو نہایت موثر انداز میں پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ چارٹس، پریزنٹیشنز، ویژول ماڈلز اور ایک پیغام آفریں اسکیٹ نے شرکاء کو بے حد متاثرکیا۔ تقریب میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت 400 سے زائد افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے تمام ماڈلز کا معائنہ کیا اور سماجی شعور بیدارکرنے والے مختلف تصورات سے فائدہ اٹھایا۔ پورا ماحول علمی، ہم آہنگ اورتربیتی روح سے معمور نظرآیا۔ امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند،راجندرنگر وقاراحمد نے تمام ذمہ داران، خصوصاً شعبۂ خواتین کی منظم تیاری، بہترین صلاحیت اور بھرپور محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ’مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ‘ کے عملی تصور کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ اس نوعیت کے پروگرام معاشرے میں مثبت تبدیلی، ہم آہنگی اور سماجی بیداری کے فروغ کاذریعہ ثابت ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق