
ترواننت پورم، 31 دسمبر (ہ س)۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے پانچویں اور آخری ٹی-20 مقابلے میں سری لنکا کو 15 رن سے ہرا کر سیریز 0-5 سے اپنے نام کر لی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے تیسری بار کسی ٹیم کو ٹی-20 سیریز میں 0-5 کے فرق سے ہرانے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کو بھی اسی فرق سے شکست دے چکی ہے۔
گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے کپتان ہرمن پریت کور کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت 7 وکٹ پر 175 رن بنائے۔ جواب میں سری لنکائی ٹیم 7 وکٹ گنوا کر 160 رن ہی بنا سکی اور ہدف سے 15 رن دور رہ گئی۔
ہندوستان کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے ذمہ داری بھری اننگز کھیلتے ہوئے 43 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رن بنائے۔ ان کے علاوہ اروندھتی ریڈی نے 27 اور امن جوت کور نے 21 رن کا تعاون دیا۔ سری لنکا کی جانب سے چماری اٹا پٹو، کویشا دلہاری اور رشمیکا سیواندی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا پیچھا کرنے اتری سری لنکائی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں کپتان چماری اٹا پٹو پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد حسینی پریرا اور امیشا دلانی نے 79 رن کی اہم شراکت داری کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ امیشا دلانی نے نصف سنچری لگائی، جبکہ حسینی پریرا نے 65 رن بنائے۔ حالانکہ ان کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکا کی اننگز لڑکھڑا گئی اور ٹیم جیت سے دور رہ گئی۔ ہندوستان کے لیے شری چرنی، اسنیہ رانا، ویشنوی شرما، دیپتی شرما، اروندھتی ریڈی اور امن جوت کور نے ایک ایک وکٹ لی، جبکہ ایک بلے باز رن آوٹ ہوئی۔
سیریز کے پانچوں مقابلے دو وینیو پر کھیلے گئے۔ ابتدائی 2 میچ وشاکھاپٹنم میں اور آخری 3 مقابلے ترواننت پورم میں منعقد ہوئے۔ ہندوستان نے پہلے 3 میچ بالترتیب 8، 7 اور 8 وکٹ سے جیتے، جبکہ چوتھے مقابلے میں 30 رن اور پانچویں میں 15 رن سے جیت درج کی۔
سیریز میں بلے بازی میں شیفالی ورما سب سے کامیاب رہیں۔ انہوں نے 5 میچوں میں 80.33 کی اوسط سے 241 رن بنائے، جس میں 36 چوکے اور 5 چھکے شامل رہے۔ سری لنکا کی جانب سے حسینی پریرا نے 165 رن بنا کر ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رن جوڑے۔
گیند بازی میں ہندوستان کی دیپتی شرما، ویشنوی شرما اور شری چرنی نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں سری لنکا کی کویشا دلہاری بھی 5 وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی سب سے کامیاب گیند باز رہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن