
جموں, 30 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن نے سال 25-2024 کے لیے اپنی 66ویں سالانہ رپورٹ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو لوک بھون، جموں میں پیش کی۔
کمیشن کے چیئرمین ارون کمار چودھری کی قیادت میں اراکین پر مشتمل وفد، جس میں ڈاکٹر راجیو سنگھ، طارق احمد زرگر، یشپال کوتوال اور آصف محمود ساگر شامل تھے، اُنہوں نے یہ رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ آئین ہند کے آرٹیکل 323(2) کے تحت پیش کی گئی۔
سالانہ رپورٹ میں کمیشن کی کارکردگی کا جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے انتظامی اصلاحات کے ایک اہم سال کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں مختلف محکموں کے لیے کی گئی تقرریوں، محکمانہ ترقیاتی کمیٹی (ڈی پی سی) کی میٹنگوں، عمل میں لائی گئی ترقیوں اور منظور شدہ بھرتی قوانین سمیت دیگر اہم امور کی وضاحت کی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے دیانت داری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا اور میرٹ کی بنیاد پر منصفانہ، تیز رفتار اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنایا۔
اس موقع پر چیئرمین جے کے پی ایس سی ارون کمار چودھری نے لیفٹیننٹ گورنر کو کمیشن کی جانب سے متعارف کرائی جا رہی تکنیکی پہل کاریوں سے بھی آگاہ کیا، جن میں امیدواروں کو انتخابی عمل کے مختلف مراحل پر بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے ایس ایم ایس نوٹیفکیشن سروس کا آغاز بھی شامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر