
جموں, 30 دسمبر (ہ س)۔ منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت ڈوڈہ پولیس نے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے تقریباً 100 سے 110 گرام چرس نما مادہ برآمد کیا ہے۔ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کی ٹیم گنپت پل، پل ڈوڈہ کے مقام پر ناکہ ڈیوٹی انجام دے رہی تھی۔ اسی دوران ٹھاٹھری سے ڈوڈہ شہر کی جانب آ رہی ایک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ موٹر سائیکل سوار نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے دھر لیا۔
تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک سیاہ رنگ کی پولی تھین برآمد ہوئی، جس میں تقریباً 100 تا 110 گرام چرس نما مادہ موجود تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت شوکت علی ولد عبدالرحمٰن، سکنہ امرت گڑھ، چِرالہ، تحصیل چِرالہ، ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔اس معاملے میں پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 280/2025 زیر دفعات 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ایس پی ڈوڈہ نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران ضلع ڈوڈہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں 40 افراد کو نامزد کیا گیا۔ ان کے قبضے سے تقریباً ایک کلو چرس، 127 گرام چٹا، 1300 گرام گانجہ نما مادہ اور 184 کیپسول برآمد ہوئے، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 14.50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایک منشیات فروش کی 45.32 لاکھ روپے مالیت کی دو منزلہ عمارت بھی قانون کے تحت ضبط کی گئی ہے۔
ایس ایس پی ڈوڈہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی فروخت یا نشے سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر