
جموں, 29 دسمبر (ہ س)۔ وزیر برائے خوراک، شہری رسد و امور صارفین، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ستیش شرما نے بلاک چوکی چورا میں ایک جامع عوامی رابطہ پروگرام منعقد کیا۔اس موقع پر مختلف محکموں کے متعلقہ افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔ اس دورے کا مقصد ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا، فلاحی اسکیموں کے نفاذ کی صورتحال کا معائنہ کرنا اور عوام سے براہِ راست بات چیت کرنا تھا۔
ستیش شرما نے دیو ستھان پڑون پنچایت گھر، چوکی چورا میں ایک عوامی اجلاس کی صدارت کی، جہاں مقامی باشندوں، پنچایت نمائندوں اور نوجوانوں نے خوراک کی فراہمی، ٹرانسپورٹ سہولیات، آئی ٹی سے متعلق خدمات، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، سائنسی آگاہی اور دیگر ترقیاتی امور سے جڑے مسائل پیش کیے۔ وزیر نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
بعد ازاں وزیر نے جھنگ اور سینڈلے پنچایت مجور، بلاک چوکی چورا کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک اور عوامی اجلاس کی صدارت کی۔ اس دوران انہوں نے خوراک و شہری رسد، ٹرانسپورٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور اے آر آئی و ٹریننگز سمیت مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور جاری و مجوزہ ترقیاتی کاموں کی صورتحال کا معائنہ کیا۔
عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی عمل پر لوگوں سے فیڈبیک بھی حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شفاف، جوابدہ اور عوام دوست انتظامیہ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ترقی کے عمل میں بالخصوص دیہی اور سرحدی علاقوں کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری اسکیموں کے فوائد بلا تاخیر ہر مستحق خاندان تک پہنچنے چاہئیں۔
ستیش شرما نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کھیلوں، ٹیکنالوجی، اختراع اور ہنرمندی کی ترقی پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل گورننس اور سائنسی اداروں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا فوری نوٹس لیں اور ان کے بروقت حل کو یقینی بنائیں، ساتھ ہی مقامی نمائندوں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ عوامی مسائل کا جلد از جلد ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان مضبوط رشتہ قائم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے عوامی رابطہ پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر