تعلیمی ادارے روزگار سے وابستہ تعلیم اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ پر توجہ دیں: ایل جی
جموں, 29 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوک بھون میں کلسٹر یونیورسٹی جموں کی یونیورسٹی کونسل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اعلیٰ تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اختراع، روزگار سے وابستہ تعلیم اور کاروباری صل
LG


جموں, 29 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوک بھون میں کلسٹر یونیورسٹی جموں کی یونیورسٹی کونسل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اعلیٰ تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اختراع، روزگار سے وابستہ تعلیم اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ پر توجہ مرکوز کریں، تاکہ تعلیمی سرگرمیاں علاقائی اور قومی ترقیاتی ضروریات سے ہم آہنگ رہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کو ابھرتی ہوئی تعلیمی اور صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مربوط اور پیشہ ورانہ کورسز کو مزید مضبوط بنانے کا مشورہ دیا۔

لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں یونیورسٹی کونسل نے متعدد اہم تعلیمی اور انتظامی تجاویز کو اصولی منظوری دی۔ کونسل نے قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے مطابق کلیدی اصلاحات کا جائزہ لے کر ان کی توثیق کی، جن میں نیا انڈرگریجویٹ نصاب فریم ورک اپنانا، نئے تعلیمی پروگراموں کا آغاز اور کورس ڈھانچے میں ترمیم شامل ہے، جس کا مقصد لچک اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

کونسل نے فور ایئر انٹیگریٹڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام (آئی ٹی ای پی)، ایم اے ایجوکیشن، ماسٹرز اِن پرفارمنگ آرٹس، پوسٹ گریجویٹ جغرافیہ اور سائبر سیکورٹی جیسے نئے پروگراموں کی منظوری دی، جبکہ یونیورسٹی کے ذیلی کالجوں میں نئے مائنر، اسکل اور ویلیو ایڈڈ کورسز شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ طلبہ مرکز اقدامات کے تحت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے اضافی کریڈٹس دینے، موکس کے لیے کریڈٹ اصولوں میں ترمیم اور شمولیتی امتحانی و داخلہ پالیسیوں کی بھی منظوری دی گئی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے تعلیمی معیار، طلبہ بہبود اور ادارہ جاتی نظم و نسق کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جون 2026 سے قبل ای آفس سسٹم کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور یونیورسٹی کونسل کے اجلاس ہر چھ ماہ میں منعقد کیے جائیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے وکست بھارت یوتھ کنیکٹ پروگرام میں طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیا اور نشہ مکت بھارت اور نشہ مکت جموں و کشمیر مہمات میں طلبہ کی فعال شرکت کو فروغ دینے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر کے ایس چندر شیکر نے یونیورسٹی کی انتظامی، تعلیمی، مالی، امتحانی و تشخیصی اصلاحات، طلبہ کے اندراج کی صورتحال اور تحقیق و تعلیم کے مختلف تعلیمی اشتراکات پر تفصیلی پیشکش دی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande