مغل روڈ پر سرکاری گاڑی کے مبینہ غلط استعمال کا معاملہ، ٹریفک اہلکار معطل
جموں، 28 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں برف سے ڈھکی مغل روڈ پر سرکاری گاڑی کے مبینہ غلط استعمال کے معاملے میں ٹریفک پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو انکوائری مکمل ہونے تک معطل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ اہلکارپرالزام ہے کہ اس نے سرکا
مغل روڈ پر سرکاری گاڑی کے مبینہ غلط استعمال کا معاملہ، ٹریفک اہلکار معطل


جموں، 28 دسمبر (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں برف سے ڈھکی مغل روڈ پر سرکاری گاڑی کے مبینہ غلط استعمال کے معاملے میں ٹریفک پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو انکوائری مکمل ہونے تک معطل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ اہلکارپرالزام ہے کہ اس نے سرکاری گاڑی میں ویڈیوریل شوٹ کی۔ وائرل ویڈیو میں مغل روڈ پر بطور سیکٹر آفیسر (ٹریفک) تعینات سب انسپکٹر گل شیراز کو پیر کی گلی کے قریب چلتی گاڑی کے کھلے اگلے دروازے سے باہر جھکتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر خطرناک موسمی حالات اور پھسلن والی سڑک کے پیش نظر سنگین حفاظتی خدشات سامنے آئے۔

اس واقعے پر عوامی سطح پر شدید تنقید ہوئی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ سڑک کی حفاظت سے متعلق سنگین سوالات اٹھائے گئے، خصوصاً ایسے وقت میں جب علاقے میں برف باری کے باعث سڑکیں نہایت خطرناک حالت میں ہیں۔حکام نے بتایا کہ اے ایس آئی انل کمار کو مغل روڈ پر نیا سیکٹر آفیسر (ٹریفک) تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ گل شیراز کو فوری طور پر ٹریفک پولیس لائنز، رورل جموں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک، رورل جموں نے واقعے کی محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کیے ہیں، جو ڈی ایس پی ٹریفک راجوری-پونچھ کے ذریعے انجام دی جائے گی۔ایس ایس پی فاروق کیسر نے کہا کہ موٹر وہیکل ایکٹ یا ٹریفک حفاظتی اصولوں کی کسی بھی خلاف ورزی، چاہے وہ شہریوں کی جانب سے ہو یا ٹریفک پولیس اہلکاروں کی طرف سے، ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande