
کاروار، 28 دسمبر (ہ س)۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کو پہلی بار کرناٹک کے اترا کنڑ ضلع کے کاروار میں کدمبا نیول بیس کا دورہ کیا اور بحیرہ عرب میں ہندوستانی بحریہ کی آبدوز آئی این ایس واگشیر پر سفر کیا اور آبدوز پر سفر کرنے والے ہندوستان کے دوسرے صدر بن گئے۔
صدر مرمو کا کدمبا نیول بیس پہنچنے پر کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت نے پرتپاک استقبال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایشیا کے سب سے بڑے بحری اڈوں میں سے ایک کدمبا نیول بیس کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ یہ اڈہ اب جنگی جہازوں اور آبدوزوں کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک مرکز بن گیا ہے۔ اسی کیمپس میں ایک جدید ترین مرمتی یارڈ کی تعمیر بھی جاری ہے۔
بحریہ کے اڈے پر مختلف تنصیبات کا معائنہ کرنے کے بعد، صدر دروپدی مرمو نے آبدوز آئی این ایس واگشیر پر سوار ہو کر تقریباً ایک گھنٹے کا تاریخی سمندری سفر کیا، جس میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور ریئر ایڈمرل وکرم مینن سمیت ہندوستانی بحریہ کے سینئر افسران بھی شامل تھے۔
صدر جمہوریہ کا یہ دورہ ہندوستانی بحریہ کی بڑھتی ہوئی تزویراتی صلاحیت، اس کی مقامی دفاعی طاقت اور میری ٹائم سیکورٹی میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی