
میلبورن، 27 دسمبر (ہ س)۔
انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکیٹ نے ہفتہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 3000 رنز مکمل کر لیے۔ 31 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے باکسنگ ڈے پر میلبورن کرکٹ گراو¿نڈ (ایم سی جی) میں کھیلے جارہے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ 175 کے ہدف کے تعاقب میں ڈکیٹ نے سیریز میں پہلی بار 30 رنز کا ہندسہ عبور کیا، انہوں نے 26 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 130.77 تھا۔
ڈکیٹ نے اب تک 42 ٹیسٹ میچوں کی 78 اننگز میں 3005 رنز بنائے ہیں۔ ان کی اوسط 40.06 ہے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 86.44 ہے۔ اس دوران انہوں نے 182 کے بہترین اسکور کے ساتھ چھ سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں اسکور کیں۔تاہم موجودہ ایشز سیریز میں ڈکیٹ کی کارکردگی توقعات سے کم رہی۔ انہوں نے چار ٹیسٹ کی آٹھ اننگز میں صرف 133 رنز بنائے ہیں، اوسطاً 16.62 اور سب سے زیادہ 34 رنز بنائے ہیں۔ مزید برآں، وہ میدان سے باہر تنازعات میں بھی الجھتے رہے ہیں۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ایک ویڈیو کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں ڈکیٹ کو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں اپنے ہوٹل میں واپس آنے کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ مبینہ طور پر برسبین میں دوسرے ٹیسٹ میں کراری شکست کے بعد نوسا میں ٹیم کے وقفے کے دوران پیش آیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ