
غزہ ،25دسمبر (ہ س )۔
اسرائیلی فوج کے درجنوں ٹینک آج غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے جنوب میں واقع قصبے قیزان النجار میں داخل ہو گئے۔
ٹینکوں کی اس پیش قدمی کے ساتھ ہی ڈرون طیاروں کے سائے تلے شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ اس سے قبل رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرق میں دھماکوں کے ذریعے عمارتوں کو مسمار کرنے کی وسیع کارروائی کی ہے۔
سیاسی محاذ پر غزہ امن معاہدے کے دوسرے مرحلے میں منتقلی سے متعلق مشاورت کے حوالے سے اسرائیلی نشریاتی ادارے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ایسی ٹیکنو کریٹ حکومت کی تشکیل کا مخالف نہیں ہے جو حماس اور فلسطینی اتھارٹی سے پاک ہو۔
العربیہ کے مطابق، اسرائیلی رد عمل اس وقت سامنے آیا جب ثالثوں نے اسرائیل کو غزہ کی پٹی کے انتظام کی ذمہ دار ٹیکنو کریٹ باڈی کی تشکیل کی فہرست پیش کی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بین الاقوامی فورس کی تشکیل کے اعلان کے لیے امریکہ اور ثالثوں کے درمیان بھرپور رابطے جاری ہیں۔ یہ بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی فلوریڈا میں ہونے والی ملاقات غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے کے اقدامات کا فیصلہ کرے گی۔
ہندستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ