ماتا ویشنو دیوی انتظامیہ نے نئے سال کی آمد کے لیے سیکورٹی انتظامات سخت کیے
ماتا ویشنو دیوی انتظامیہ نے نئے سال کی آمد کے لیے سیکورٹی انتظامات سخت کیے جموں، 24 دسمبر (ہ س)۔ نئے سال کے موقع پر شری ماتا ویشنو دیوی جی کے درشن کے لیے متوقع یاتریوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع مقدس گھپا تک جانے والے را
Katra


ماتا ویشنو دیوی انتظامیہ نے نئے سال کی آمد کے لیے سیکورٹی انتظامات سخت کیے

جموں، 24 دسمبر (ہ س)۔ نئے سال کے موقع پر شری ماتا ویشنو دیوی جی کے درشن کے لیے متوقع یاتریوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع مقدس گھپا تک جانے والے راستے پر نگرانی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ ضلع ریاسی میں واقع یاترا روٹ پر خاص طور پر زیادہ رش اور تنگ مقامات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق گپھا کے اطراف اور یاترا راستے پر پولیس، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی سیکورٹی پر مشتمل کثیر سطحی سیکورٹی نظام قائم کیا گیا ہے۔ یاتریوں کے محفوظ اور پرامن سفر کو یقینی بنانے کے لیے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سچن کمار ویشیہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرائن بورڈ کے سینئر عہدیداران، ضلع انتظامیہ، سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سی ای او نے ہدایت دی کہ یاترا روٹ اور گپھا کے اطراف سیکورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ حکام کے مطابق یاترا کو آر ایف آئی ڈی پر مبنی نظام کے تحت سختی سے منظم کرنے پر زور دیا گیا ہے، تاکہ صرف درست اور فعال آر ایف آئی ڈی کارڈ رکھنے والے یاتریوں کو ہی آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے۔

سچن کمار ویشیہ نے اہم چیک پوائنٹس پر اضافی ہینڈ ہیلڈ آر ایف آئی ڈی اسکینرز اور مناسب افرادی قوت کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی، تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی سے بچا جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رش والے اور حساس مقامات پر چوبیس گھنٹے مشترکہ نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد بروقت ردعمل، حقیقی وقت میں نگرانی اور بہتر حالات کا جائزہ لینا ہے۔

فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے نمائندے کو یاترا راستے پر اسٹریٹجک مقامات پر فائر ٹینڈرز تعینات کرنے اور گھپا کے اطراف فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی، تاکہ حفاظتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ سی ای او نے تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد اور آفات سے نمٹنے کی تیاری میں مکمل پابندی کی ہدایت دی۔

انہوں نے یاترا روٹ پر نصب موجودہ ساؤنڈ سسٹم کو مکمل طور پر فعال پبلک ایڈریس سسٹم میں تبدیل کرنے پر بھی زور دیا، تاکہ اہم اعلانات بروقت یاتریوں تک پہنچائے جا سکیں۔ اس کے علاوہ راستے پر نجی اداروں اور خدمات انجام دینے والے افراد کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، تاکہ گپھا کے تقدس اور یاتریوں کی سلامتی برقرار رہے۔

حکام کے مطابق بن گنگا اور تارا کوٹ مارگ کے علاقوں میں غیر مجاز پارکنگ کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک رکاوٹوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، اور گاڑیوں کی ہموار آمد و رفت کے لیے سخت نگرانی اور مربوط کارروائی پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیوں نے کثیر سطحی سکیورٹی انتظامات اور جدید نگرانی آلات کے استعمال سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande