
ڈھاکہ، 24 دسمبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام صدر طارق رحمان 17 سال کی جلاوطنی کے بعد کل (25 دسمبر) اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ وطن واپس آرہے ہیں۔ یہ تینوں لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے بنگلہ دیش کے وقت کے مطابق شام 6 بجکر 15 منٹ پر بیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز کی پرواز سے روانہ ہوں گے۔ توقع ہے کہ وہ کل دوپہر کے قریب سلہٹ کے راستے ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ بی این پی کی قائمہ کمیٹی کے ارکان ان کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد وہ سڑک کے ذریعے پوروانچل کے 300 فٹ کے علاقے میں ایک استقبالیہکی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پارٹی رہنما اور کارکنان ان کے استقبال کے لیے سڑک کے دونوں اطراف قطارمیں کھڑے رہیں گے۔
ڈیلی اسٹار کے مطابق، اس کے بعد طارق سڑک کے ذریعے ایور کیئر اسپتال جائیں گے، جہاں وہ اپنی بیمار والدہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیاءسے ملاقات کریں گے۔بیگم خالدہ ضیا وہاں ایک ماہ سے زیر علاج ہیں۔ والدہ کی عیادت کے بعد وہ گلشن میں فیروزہ جائیں گے جہاں وہ قیام کریں گے۔ پارٹی کے سینئر جوائنٹ جنرل سکریٹری روح الکبیر رضوی کے مطابق اس موقع پر ڈھاکہ میں تقریباً 50 لاکھ افراد کے جمع ہونے کی امید ہے۔ حامی ان کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے سے 300 فٹ کے علاقے تک سڑک کے دونوں طرف قطار میں کھڑے رہیںگے۔
ادھر، ملک میں بدامنی کے درمیان، طارق کی واپسی کو ایک بڑے سیکورٹی چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بی این پی کے رہنماو¿ں نے طارق کے قافلے کے ارد گرد موجود ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے سیکورٹی حکام کے ساتھ آدھی رات تک انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایئرپورٹ سے گلشن تک طارق کی سیکورٹی کی پوری ذمہ داری شمس الاسلام کو سونپی گئی ہے۔ حکام نے کہا کہ آج شام 6 بجے سے کل شام 6 بجے تک حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے علاقے میں صرف مسافروں کو ہی جانے کی اجازت ہوگی۔ طارق کے استقبال کے لیے 300 فٹ کا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے۔ اس دوران صرف طارق ہی تقریر کریں گے۔ خطاب کی عالمی نشریات کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔
بنگلہ دیش ریلوے بی این پی کے حامیوں کو دارالحکومت لانے کے لیے 10 خصوصی ٹرینیں چلائے گی، جس سے کرایوں سے تقریباً 3.6 ملین ٹکا کی کمائی ہونے کی امید ہے۔
ٹرینیں کاکس بازار-ڈھاکہ، جمال پور-میمن سنگھ-ڈھاکہ، تانگیل-ڈھاکہ، بھیراب بازار-نرسنگڈی-ڈھاکہ، جوئیدیب پور-ڈھاکہ چھاو¿نی، پنچگڑھ-ڈھاکہ، کھلنا-ڈھاکہ، چٹموہر-ڈھاکہ-کنٹونمنٹ ، راج شاہی -ڈھاکہ اور جشور-ڈھاکہ سمیت روٹ پر چلیں گی۔ سیکورٹی حالات کے پیش نظر طارق 26 دسمبر کو اپنے والد کی قبر پر جاسکتے ہیں اور بعد میں 13ویں پارلیمانی انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے بوگرہ جا سکتے ہیں۔ وہ بوگرہ 6 سے الیکشن لڑیں گے۔
اس دوران ، ایک فیس بک پوسٹ میں، طارق کی بیٹی، زائمہ رحمان نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کی تعمیر نو میں اپنا تعاون دیں گی اور واپسی پر لوگوں سے براہ راست رابطہ قائم کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد