
ممبئی،
24 دسمبر(ہ س)۔
شیوسینا (اُدھو بالا صاحب
ٹھاکرے گروپ) کے صدر اُدھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے
آئندہ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ایک ساتھ لڑنے کا باضابطہ اعلان
کر دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ممبئی میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ’’ہمیشہ
ساتھ رہنے‘‘ کا وعدہ کرتے ہوئے اتحاد کا اعلان کیا۔
مشترکہ
پریس کانفرنس میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ مہاراشٹر ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار
کر رہا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شیوسینا اور ایم این ایس اب متحد ہیں اور ہمیشہ
مہاراشٹر کے مفادات کو اولین ترجیح دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ممبئی کا میئر
مراٹھی ہوگا اور یہ عہدہ یا تو ان کی جماعت یا اُدھو ٹھاکرے کی جماعت کے پاس ہوگا۔
راج
ٹھاکرے نے مزید کہا کہ فی الحال صرف ایک ساتھ الیکشن لڑنے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
امیدواروں کی تقسیم، نشستوں اور انتخابی حکمت عملی سے متعلق تفصیلات کا اعلان بعد
میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج اتحاد کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، تفصیلی فیصلے
مرحلہ وار سامنے آئیں گے۔ اُدھو
ٹھاکرے نے اس موقع پر کہا کہ مراٹھی عوام عام طور پر کسی کو پریشان نہیں کرتے، لیکن
اگر کوئی ان کے راستے میں رکاوٹ بنتا ہے تو اسے چھوڑا نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ
اسمبلی انتخابات کے دوران نعرہ دیا گیا تھا کہ ’’بٹیں گے تو کٹیں گے‘‘، جبکہ آج وہ
یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اگر ممبئی کے شہری تقسیم ہوئے تو نقصان انہی کو اٹھانا پڑے
گا۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے