قومی یومِ ریاضی پر مختلف تقاریب اور علمی نشستوں کا اہتمام
علی گڑھ, 24 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں عظیم ریاضی داں سری نواس رامانوجن کے یوم پیدائش پر منعقد ہونے والے قومی یوم ریاضی 2025 پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی تقریب شعبہ ریاضی کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں فیکلٹی آف
قومی یومِ ریاضی پر مختلف تقاریب اور علمی نشستوں کا اہتمام


علی گڑھ, 24 دسمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں عظیم ریاضی داں سری نواس رامانوجن کے یوم پیدائش پر منعقد ہونے والے قومی یوم ریاضی 2025 پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

مرکزی تقریب شعبہ ریاضی کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر سرتاج تبسم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ شعبہ ریاضی کی چیئرپرسن پروفیسر اسماء علی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ پروفیسر ندیم الرحمٰن نے قومی یومِ ریاضی کی علمی اہمیت اور جدید ریاضی پر رامانوجن کے دیرپا اثرات کو اجاگر کیا۔

اس دوران ممتاز ریاضی دانوں کے علمی خطبات بھی ہوئے، جن میں پروفیسر نریندر کمار گوول (آبرن یونیورسٹی، امریکہ)، پروفیسر پیٹرک انگرام (دی فیلڈز انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اِن میتھ میٹیکل سائنسز، کینیڈا) اور پروفیسر آر کے شرما (آئی آئی ٹی دہلی) شامل تھے۔ ان مقررین نے عصری پیش رفت اور سائنس و ٹکنالوجی میں ریاضی کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔

اسی کڑی میں طلبہ اور ریسرچ اسکالروں کے لیے پوسٹر سازی اور پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ اے ایم یو کے اسکولوں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول نے قومی یومِ ریاضی کے حوالے سے ایک خصوصی اسمبلی کا اہتمام کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اقبال خان (پی جی ٹی ریاضی) نے سری نواس رامانوجن کی زندگی اور علمی عظمت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ریاضی کو اختراع اور مسائل کے حل کا ایک طاقتور ذریعہ سمجھیں۔

اسکول کے پرنسپل سید تنویر نبی نے کہا کہ قومی یومِ ریاضی طلبہ میں تجسس اور علوم ریاضی کے تئیں مثبت رویہ پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رامانوجن کی زندگی اس بات کی گواہ ہے کہ محدود وسائل کے باوجود لگن اور جذبہ استقامت سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande