
ٹھاکرے برادران کا اتحاد غیر مؤثر: فڑنویس
ممبئی،
24 دسمبر(ہ س)۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس نے ادھوٹھاکرے اور
راج ٹھاکرے کے انتخابی اتحاد کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بی ایم سی
انتخابات کے نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔
میڈیا
سے گفتگو کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ دونوں بھائیوں کے ایک ساتھ آنے کی خبر سن کر
خوشی ضرور ہوئی، لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ دونوں جماعتیں اپنی سیاسی بقا کے لیے
جدوجہد کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ اتحاد عوامی طاقت نہیں بلکہ سیاسی مجبوری کا نتیجہ
ہے۔ انہوں
نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے بار بار اپنا نظریاتی رخ بدلا، جس کی وجہ سے عوام کا
اعتماد ختم ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ توشٹی کرن کی سیاست اختیار کرنے
کے سبب ان جماعتوں نے اپنا روایتی ووٹ بینک بھی کھو دیا ہے۔ فڑنویس
نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا ترقیاتی ماڈل عوام میں مقبول ہے، اسی لیے ادھو اور
راج ٹھاکرے کے اتحاد سے بلدیاتی انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کے مطابق
ممبئی کے شہری بی ایم سی انتخابات میں ترقی، سہولتوں اور شفاف حکمرانی کو ترجیح دیں
گے۔
وزیر
اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر اس اتحاد میں مزید چند لوگوں کو بھی شامل کر لیا جائے تب
بھی انتخابی نتائج تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو اس بات پر
غور کرنا چاہیے کہ ان کے ساتھی کیوں انہیں چھوڑ گئے، لیکن اس کے بجائے وہ دوسروں
پر جماعتیں توڑنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے