
نئی دہلی، 24 دسمبر (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی جنوبی رینج نے ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کیا ہے جو قتل کی کوشش،مارپیٹ اور چھیڑ چھاڑ کے معاملات میں دو سال سے فرار تھا۔ ملزم جرم کے بعد ملک سے فرار ہو کر قطر چلا گیا تھا، جہاں وہ بطور ڈرائیور کام کر رہا تھا۔ ہندوستان واپسی پر پولیس نے اسے ہاپوڑ (اتر پردیش) سے گرفتار کر لیا۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس آدتیہ گوتم نے بدھ کو بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔پختہ خفیہ معلومات حاصل کرنے کے بعد تقریباً 15 دنوں تک ، ٹیم نے فیلڈ سرویلانس اور مقامی انٹیلی جنس نیٹ ورک تیار کیا۔ اس دوران ملزم کی ہاپوڑ میں موجودگی کی تصدیق ہوئی، جہاں سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عرفان (35) ساکن ذاکر نگر کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بنیادی طور پر ہاپوڑ کا رہنے والا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق شکایت کنندہ نے بتایا کہ ایک کرایہ دار طویل عرصے سے کرایہ ادا کرنے سے انکار کر رہا تھا اور اپارٹمنٹ خالی کرنے سے انکار کر رہا تھا۔ 29 فروری 2024 کو جب کرایہ دار سے کرایے کا مطالبہ کیا گیاتو ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شکایت کنندہ اور اس کے شوہر کے ساتھ مارپیٹ کی ۔
واقعے کے دوران خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی بھی کی گئی۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم پڑھائی چھوڑ چکا ہے اور دہلی اور ہاپوڑ میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔ واردات کے بعد وہ ہندوستان چھوڑ کر قطر چلا گیا، جہاں وہ بطور ڈرائیور کام کرتا تھا۔ حال ہی میں، ہندوستان واپسی پروہ پولیس کی نظر میں آیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد