
علی گڑھ, 24 دسمبر (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ امراض کان، ناک و گلا (ای این ٹی) کے زیر اہتمام ایک سی ایم ای اور الومنئی میٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے 72 مندوبین نے شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے بطور مہمانِ خصوصی اور پرو وائس چانسلر پروفیسر محسن خان نے بطور مہمانِ اعزاز ی شرکت کی۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے سینئر اساتذہ اس موقع پر موجود تھے۔
سی ایم ای کے دوران پروفیسر سوربھ وارشنے، ڈین (اکیڈمکس)، ایمس رشی کیش نے موبائل فون ریڈیئیشن کے اثرات پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔ سائنسی نشستوں میں تھائرائڈ کے سرطان پر ایک پینل مباحثہ شامل تھا۔ ڈاکٹر امبیش سنگھ (نئی دہلی)، ڈاکٹر محمد اشرف (ایس ایس ایم سی ریوا)، ڈاکٹر امیت کمار (ایمس رشی کیش) نے روبوٹک تھائرائڈ سرجری پر، اور ڈاکٹر جابر بن عمر کے پی (کیرالا) نے رائنوپلاسٹی پر خطبہ دیا۔
شعبے کی تعلیمی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سابق اساتذہ کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔
اختتامی اجلاس کی صدارت سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کی، جنہوں نے شعبے کے علمی وژن کو سراہا۔ ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن پروفیسر محمد خالد، اور پرنسپل و سی ایم ایس جے این ایم سی ایچ پروفیسر انجم پرویز نے مریضوں کی نگہداشت میں بہتری کے لیے جے این میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل طلبہ اور علمی پروگراموں کے کردار کو اجاگر کیا۔
آرگنائزنگ چیئرمین پروفیسر محمد آفتاب اور آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر آفتاب احمد نے فارغ التحصیل طلبہ اور منتظمین کی ٹیم بشمول ڈاکٹر مہتاب عالم، ڈاکٹر سعدیہ اسلام، ڈاکٹر عبد الرحمٰن اور ڈاکٹر صبیح بیگ کی کاوشوں کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر بشریٰ صدیقی نے کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ