
گیلوسٹن (ٹیکساس)، 23 دسمبر (ہ س)۔ میکسیکو کی بحریہ کا ایک طیارہ پیر کے روز ٹیکساس کے شہر گیلوسٹن میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس حادثے میں کئی افراد کی جان چلی گئی۔ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں مختلف رپورٹس سامنے آ رہی ہیں۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق، اس حادثے میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دیگر رپورٹس میں پائلٹس، ایک ڈاکٹر اور ایک مریض سمیت چھ افراد کی موت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دی نیویارک ٹائمز اور ہیوسٹن کرانیکل کی رپورٹس کے مطابق، اس طیارے میں آٹھ افراد سوار تھے، جن میں چار میکسیکن نیوی کے افسران اور چار عام شہری شامل تھے۔ یہ طیارہ ایک سالہ بچے کو لے جا رہا تھا جو آگ سے شدید طور پر جھلس گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ امدادی کارروائی کے دوران کم از کم دو افراد کو بچا کر مقامی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جن میں ایک 27 سالہ خاتون بھی شامل ہے۔ حادثے کی وجہ گھنا کوہرا بتائی جا رہی ہے۔
گیلوسٹن کاؤنٹی کے شیرف جمی فلن نے بتایا کہ یہ طیارہ دوپہر 3:17 بجے گیلوسٹن کازوے کے مغرب میں حادثے کا شکار ہوا۔ شام پانچ بجے تک چھ افراد کو ملبے سے نکالا جا سکا۔ میکسیکو کی بحریہ کے سیکریٹریٹ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’حادثے کے وقت طیارہ میچو اینڈ ماؤ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ایک طبی امدادی مشن پر تھا۔ میچو اینڈ ماؤ فاؤنڈیشن میکسیکو میں آگ سے شدید طور پر جھلسے بچوں کی مدد کرتی ہے۔‘‘
رپورٹس کے مطابق، گیلوسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ، گیلوسٹن کاؤنٹی شیرف آفس، امریکی کوسٹ گارڈ اور ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی کے اہلکار اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد