
نئی دہلی، 22 دسمبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں کے خلاف ملک میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ہندونواز تنظیمیں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے سامنے اپنی مخالفت درج کروانے کے لیے احتجاج کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کل مظاہرے کرنے والے ہیں۔ اس کے پیش نظر نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جمعرات کی رات سے بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے سیکورٹی انتظامات کو مضبوط کر دیا گیا ہے۔بنگلہ دیش میں ہندوستان مخالف رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل کے بعد سے احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ہندوستانی ہائی کمیشن سمیت کئی اداروں اور میڈیا اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس طرح کے مظاہروں میں ہندوو¿ں اور دیگر اقلیتوں کو انتہا پسندوں کے ذریعہ مبینہ طور پر مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے ہندوستان میں غم و غصہ پھیل رہا ہے۔
وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل منگل کو صبح 11 بجے بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے۔دہلی پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی صورتحال کی روشنی میں احتیاطی اقدام کے طور پر نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہائی کمیشن کے احاطے اور اس کے اطراف میں اضافی پولیس دستے تعینات کیے گئے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد