جموں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک ایڈوائزری جاری
جموں, 22 دسمبر (ہ س)گزشتہ دو دنوں سے جموں کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے پیش نظر ٹریفک پولیس رورل جموں نے ایک مفصل ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مسافروں کو کم حدِ نگاہ، حادثات کے بڑھتے خدشات اور ممکنہ ٹریفک جام سے خبردار کیا ہے۔ایس ایس پی ٹریفک
Fog


جموں, 22 دسمبر (ہ س)گزشتہ دو دنوں سے جموں کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے پیش نظر ٹریفک پولیس رورل جموں نے ایک مفصل ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مسافروں کو کم حدِ نگاہ، حادثات کے بڑھتے خدشات اور ممکنہ ٹریفک جام سے خبردار کیا ہے۔ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق گاڑی چلانے والوں کو دھند کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈرائیوروں کو ہائی بیم کے بجائے لو بیم ہیڈ لائٹس یا فوگ لائٹس استعمال کرنے، رفتار کم رکھنے اور آگے چلنے والی گاڑی سے کم از کم 4 سے 6 سیکنڈ کا محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیڈ لائٹس روشن رکھیں، ونڈ اسکرین صاف رکھیں اور گاڑی کے اندر دھند جمنے سے بچنے کے لیے ڈی فروسٹر کا استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس نے مسافروں کو ٹریفک اشاروں، لین مارکنگ، ریفلیکٹرز اور وارننگ سائن بورڈز کی سختی سے پابندی کرنے، لین ڈسپلن برقرار رکھنے اور غیر ضروری اوورٹیکنگ، اچانک بریک لگانے یا تیز موڑ کاٹنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور سست رفتار گاڑیوں پر خاص نظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ چوراہوں، فلائی اوورز، ہائی وے کے داخلی و خارجی راستوں اور انٹرچینجز پر اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتہائی کم حدِ نگاہ کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، اضافی سفری وقت کو مدنظر رکھیں، ہنگامی صورتحال کے لیے موبائل فون چارج رکھیں اور بریک لگاتے وقت اشارے بروقت استعمال کرتے ہوئے آہستگی سے گاڑی روکیں۔

ٹریفک پولیس رورل جموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو ترجیح دیں اور حادثات سے بچاؤ کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ مزید معلومات یا مدد کے لیے مسافر ٹریفک پولیس رورل جموں کے سرکاری ہیلپ لائن نمبرز یا ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande