
جموں, 21 دسمبر (ہ س)۔
وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے اتوار کو جموں سے پورے جموں و کشمیر میں پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ اسپتال گاندھی نگر، جموں میں قومی ٹیکہ کاری دن کا افتتاح کرتے ہوئے ننھے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کی شروعات کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے معمول کی ٹیکہ کاری اور عوامی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر کو پولیو فری برقرار رکھنے کے لیے والدین اور سرپرستوں کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا دونوں والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، نہ کہ صرف ماں کی۔
سکینہ ایتو نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمے کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں جموں و کشمیر نے پولیو فری حیثیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکروں، آشا کارکنان، آنگن واڑی کارکنان، رضاکاروں اور ضلعی صحت ٹیموں کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا، جو دور دراز اور حساس علاقوں تک پہنچ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں سرگرم ہیں۔
وزیر صحت نے بتایا کہ اس مہم کے تحت جموں و کشمیر بھر میں تقریباً 11 ہزار پولیو بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں لگ بھگ 40 ہزار صحت کارکنان خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ تقریباً 20 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی بوتھس، موبائل ٹیمیں اور گھر گھر جا کر ٹیکہ کاری کا انتظام کیا گیا ہے، ساتھ ہی مؤثر نگرانی کے نظام بھی قائم کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایم ایل اے وکرم رندھاوا نے کہا کہ قومی ٹیکہ کاری دن حکومت کی صحت عامہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانا اور بیماریوں سے بچاؤ کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے عوام، والدین اور ذمہ دار شہریوں سے اس مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری صحت ڈاکٹر سید عابد رشید نے کہا کہ پولیو فری بھارت کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ دن نہایت اہم ہے، جو بھارت نے سال 2014 میں حاصل کی تھی۔ انہوں نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر