
علی پور دوار، 21 دسمبر (ہ س)۔ دھند کی وجہ سے ضلع کے پھالکاٹا میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی دیر رات پھالکاٹا-مداریہاٹ ریاستی سڑک پر ہالونگ علاقے کے قریب ایک فور وہیلر ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا۔ گاڑی پہلے سڑک کے کنارے زیر تعمیر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی اور پھر قریب کے نشیبی علاقے میں جا کر الٹ گئی۔ کار میں ڈرائیور سمیت پانچ افراد سوار تھے۔ ایک نوجوان، کوشک داس (30) کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دیگر چار کو معمولی چوٹیں آئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ پھالکاٹہ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔ متوفی پھالکاٹا بلاک کے چھ مائل علاقہ کا رہنے والا تھا۔
دوسری جانب اتوار کی صبح پھالکاٹا کے کنج نگر علاقے میں ایک اور سڑک حادثہ پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، شیو ناتھ پور کا رہنے والا ادھیر برمن اپنی بیوی رتنا برمن کے ساتھ اسکوٹر پر پھالکاٹا جا رہا تھا، جو کولکاتا پولیس کا امتحان دینے جا رہی تھی۔ اسی دوران کنج نگر علاقہ میں ایک مال بردار گاڑی نے اچانک اسکوٹر کو پیچھے سے ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گئی۔ دونوں میاں بیوی سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو پہلے پھالکاٹا سپر اسپیشلٹی اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں کوچ بہار ایم جے این میڈیکل کالج اینڈ اسپتال ریفر کیا گیا۔ تاہم، ادھیر برمن کی کوچ بہار جاتے ہوئے راستے میں ہی موت ہو گئی۔ بیوی کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ گھنی دھند کے باعث پیش آیا۔ پولیس فی الحال فرار ہونے والی گاڑی کی تلاش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی