

وزیر اعلیٰ نے اندور میں 7 ویں نیشنل رینکنگ پکل بال ٹورنامنٹ سے کیا خطاب
بھوپال، 21 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ کھیل ہمیشہ سے ہماری ہندوستانی ثقافت کا ایک اہم حصہ رہا ہے۔ ہماری شخصیت کی تعمیر میں ایک اہم پہلو کے طور پر کھیلوں نے ہماری زندگی کو سمت دی ہے۔ ہم نے کھیلوں کو اسکولی تعلیم کے نصاب کا حصہ بنایا ہے۔ ہمارے کھلاڑی عموماً ہر کھیل میں ملک اور ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ چاہے جس کسی بھی کھیل کے کھلاڑی رہیں، اپنی لگن اور محنت سے ہمیشہ اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو اندور میں ایک نجی اسکول کے ذریعے منعقدہ 7 ویں نیشنل رینکنگ پکل بال ٹورنامنٹ-2025 سے خطاب کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو مدھیہ پردیش اسٹیٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے سرپرست بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویدک دور سے ہماری ثقافت میں کھیلوں کا بڑا تعاون رہا ہے۔ کئی معاملوں میں ہندوستانیوں نے اپنے دور سے بھی آگے بڑھ کر دنیا میں کھیلوں میں نام کمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی نو تعمیر میں کھلاڑیوں کا بھی اہم کردار ہے۔ کھلاڑیوں کے تعاون سے ہم اپنی آنے والی نسل کے لیے ایک مثبت ماحول تیار کر رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف نئے کھلاڑی تیار ہو رہے ہیں، بلکہ کھیل بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو بھی نئی جہتیں مل رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش ملک میں سب سے تیز رفتار سے صنعتی ترقی کرنے والی ریاست بن رہا ہے۔صنعتی ترقی، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے ادارے، کاٹیج اور دیہی صنعت، زراعت اور متعلقہ شعبے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ ملک کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے میں مدھیہ پردیش کا سب سے زیادہ تعاون ہوگا۔
نجی اسکول کے صدر سوپنل کوٹھاری نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت سے ہی شخصیت کی تعمیر ہوتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ موبائل کی ریل سے باہر نکلیں، میدان میں آ کر محنت کریں، تبھی وہ ملک کے لیے پسینہ اور خون بہانے کے اہل بنیں گے۔ انہوں نے سبھی کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کے عزم ’ابھیودے مدھیہ پردیش‘ میں سرگرمی سے شریک ہو کر زیادہ سے زیادہ تعاون دینے کی اپیل کی۔ پروگرام میں آبی وسائل کے وزیر تلسی سلائوٹ، رکن اسمبلی رمیش میندولا، بلونت، گنیش اگروال، گوپال اگروال، سنیل سمیت دیگر عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں کھلاڑی موجود تھے۔ پروگرام میں مختلف کھیلوں میں نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کا اعزاز بھی کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اتوار کو اندور کے دورے کے دوران ایم پی پکل بال ایسوسی ایشن کے ذریعے منعقدہ پروگرام میں شامل ہونے کے بعد ایئرپورٹ کے راستے میں اچانک گاڑی رکوائی اور کالانی نگر واقع موسا پراٹھا ہاوس میں اندوری پوہا جلیبی اور چائے کا لطف لیا۔ اس دوران انہوں نے ریسٹورنٹ کے ورکرز کے ساتھ سہج انداز میں فوٹو بھی کھنچوائے اور ان کا استقبال بھی قبول کیا۔ ساتھ ہی ریسٹورنٹ کے منتظم سے ضروری بات چیت بھی کی۔ اس دوران آبی وسائل کے وزیر تلسی رام سلاوٹ، رکن اسمبلی رمیش میندولا اور سمت مشرا اور انتظامی افسران بھی موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن