
جموں, 21 دسمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں سیکورٹی فورسز نے ایک گاؤں میں تلاشی مہم شروع کی ہے، جب اطلاعات موصول ہوئیں کہ دہشت گرد ایک مکان سے کھانا لے کر قریبی جنگل کی طرف فرار ہو گئے۔حکام کے مطابق پولیس اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل مشترکہ تلاشی کارروائی مجالتہ علاقے کے چورے موٹو گاؤں اور اس سے ملحقہ جنگلاتی بستیوں میں جاری ہے۔ یہ علاقہ اس مقام سے تقریباً پانچ کلومیٹر مغرب میں واقع ہے جہاں حال ہی میں ایک جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔
حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دو نامعلوم دہشت گرد چورے موٹو گاؤں میں منگتو رام کے گھر آئے اور وہاں سے کھانا لینے کے بعد جنگل کی طرف چلے گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور نیم فوجی فورسز کو متحرک کیا گیا، تاہم دہشت گردوں کا سراغ نہ مل سکا۔
بعد ازاں گاؤں کے قریب جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور اتوار کی صبح پہلی روشنی کے ساتھ مختلف سمتوں سے مشترکہ کومبنگ آپریشن شروع کیا گیا، تاکہ دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں بے اثر کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ 15 دسمبر کو مجالتہ علاقے کے سوان گاؤں میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا تھا۔ اس جھڑپ سے قبل سیکورٹی فورسز کو علاقے میں جیشِ محمد سے وابستہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت سے متعلق اطلاع ملی تھی، تاہم دہشت گرد گھنے جنگلات اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر