
شولاپور، 21 دسمبر (ہ س)۔ شولاپور ضلع میں میونسپل کونسل صدر کے انتخابات کے حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں، جن میں بی جے پی نے سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کر کے خود کو سرِفہرست جماعت کے طور پرمنوایا ہے۔ ضلع کی بارہ میونسپل کونسلوں میں سے چار میں بی جے پی کے امیدوار صدر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ شندے قیادت والی شیو سینا نے تین کونسلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔نتائج کے مطابق ضلع کے مذہبی مراکز اور نیم شہری علاقوں میں علاقائی و ترقیاتی محاذوں نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کی، جس سے یہ واضح ہوا کہ مقامی مسائل اور اتحادوں نے کئی مقامات پر فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔بی جے پی کی جانب سے اککلکوٹ میں میلان کلیان شیٹی، مائندرگی میں انجلی بجارمتھ، بارشی میں تیجسوِنی کاتھلے اور اناگر میں پراجکتا پاٹل صدر منتخب ہوئیں۔ شیو سینا (شندے دھڑا) نے دودھنی میں پرتھمیش مہترے، سانگولہ میں آنند مانے اور موہول میں سدھی وستارے کو کامیابی دلائی۔ کُردواڑی میونسپل کونسل میں شیو سینا (ادھو ٹھاکرے دھڑا) کی جئے شری بھیسے صدر منتخب ہوئیں۔ منگل ویڑھا میں تیرتھکشیتر وکاس اگھاڑی کی سنندا آوتاڑے اور پنڈھارپور میں اسی اتحاد کی ڈاکٹر پرنیتا بھالکے کامیاب رہیں۔ اکلوج میں این سی پی (شرد پوار دھڑا) کی ریشما آدگلے جبکہ کرمالہ میں لوکل ڈیولپمنٹ اگھاڑی کی موہنی ساونت نے صدر کا عہدہ حاصل کیا۔جماعت وار تفصیل کے مطابق بی جے پی نے چار، شیو سینا (شندے دھڑا) نے تین، تیرتھکشیتر وکاس اگھاڑی نے دو، شیو سینا (ادھو ٹھاکرے دھڑا) نے ایک، این سی پی (شرد پوار دھڑا) نے ایک اور لوکل ڈیولپمنٹ اگھاڑی نے ایک میونسپل کونسل میں کامیابی حاصل کی۔ اس طرح ضلع کی تمام بارہ میونسپل کونسلوں میں صدور کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔ مجموعی طور پر یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ شولاپور ضلع میں بی جے پی نے اپنی سیاسی برتری برقرار رکھی ہے، جبکہ شندے دھڑے کی شیو سینا نے بلدیاتی سیاست میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کی ہے۔ ساتھ ہی، مقامی اور مسئلہ پر مبنی اتحادوں نے مذہبی اور نیم دیہی حلقوں میں اہم کردار ادا کر کے انتخابی منظرنامے کو متنوع بنا دیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے