
ملک میں پہلی بار محکمہ کھیل اور تمام کھیل ایسوسی ایشن مل کر کریں گے انعقاد
بھوپال، 21 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں ”کھیلو ایم پی یوتھ گیمز-2025 - مدھیہ پردیش کا اولمپک“ کا انعقاد 10 جنوری سے 31 جنوری 2026 تک ہوگا۔ اس کے لیے انتخابی عمل (سلیکشن پروسیس) بلاک سطح سے شروع ہوگا، جس میں بلاک سطح کے مقابلے 10 سے 15 جنوری، ضلع سطح کے 16 سے 20 جنوری، ڈویژنل سطح کے 21 سے 25 جنوری اور ریاستی سطح کے مقابلے 28 سے 31 جنوری 2026 تک منعقد کیے جائیں گے۔
یہ جانکاری ریاست کے وزیر برائے کھیل اور نوجوانوں کی بہبود وشواس کیلاش سارنگ نے اتوار کو ”کھیلو ایم پی یوتھ گیمز-2025 - مدھیہ پردیش کا اولمپک“ کو لے کر ہوئی پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملک میں پہلی بار ایسا ہوگا، جس میں محکمہ کھیل کے ساتھ تمام تسلیم شدہ کھیل ایسوسی ایشن مل کر مربوط طور پر مقابلوں کا انعقاد کریں گے۔
وزیر سارنگ نے کہا کہ یوتھ گیمز میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مستقبل میں ریاستی ٹیم کے انتخاب میں ترجیح دی جائے گی۔ کھیل ایسوسی ایشنز کے ساتھ بہتر تال میل یقینی بنانے کے لیے محکمہ کے ذریعے کوآرڈینیشن افسر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ کھیلوں کے تئیں عوامی شراکت داری بڑھانے کے مقصد سے افتتاحی اور اختتامی تقریب میں کھیل شائقین کو مدعو کیا جائے گا اور قومی کھیل فیڈریشنوں کے نمائندوں کو بھی مہمان کے طور پر دعوت نامہ دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کھیلو ایم پی یوتھ گیمز-2025 میں کل 27 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ کوشش یہ رہے گی کہ جن کھیلوں کی روایت اور مقبولیت جس علاقے میں ہے، وہاں انہیں مقامات پر متعلقہ مقابلے کرائے جائیں۔ ریاستی سطح کے مقابلوں کا انعقاد بھوپال، اندور، اجین، جبل پور، ریوا، شیو پوری، گوالیار، ساگر اور نرمداپورم میں تجویز کیا گیا ہے۔
وزیر سارنگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کھیل اور کھلاڑیوں کے لیے ملک میں مثبت ماحول بنا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ عالمی سطح پر کھیلوں کے ذریعے ملک کا نام سنہرے حروف میں درج ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت میں ریاست میں کھیل، کھلاڑی اور کھیل میدانوں کی ترقی کے لیے ہم مسلسل کام کر رہے ہیں۔ محکمہ کھیل خاص طور پر نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف پروگرام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”کھیلو ایم پی یوتھ گیمز-2025 - مدھیہ پردیش کا اولمپک“ میں پہلی بار روایتی کھیلوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس بار پٹو (ستولیہ) اور رسہ کشی کو بھی یوتھ گیمز میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کرکٹ کی نوجوانوں میں مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس بار خواتین اور مرد کرکٹ بھی یوتھ گیمز کا حصہ ہوں گے۔
سارنگ نے بتایا کہ پہلے یوتھ گیمز اور کھیل ایسوسی ایشنز کے انعقاد الگ الگ ہوتے تھے۔ دونوں کی ہی انتخابی کارروائی (سلیکشن پروسیس) الگ ہوا کرتی تھی، لیکن پہلی بار محکمہ کھیل اور تمام کھیل ایسوسی ایشن مل کر یوتھ گیمز کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس سے انعقاد میں توسیع ہونے کے ساتھ ہی کھلاڑیوں کو بھی یوتھ گیمز میں مسابقت کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھیل ایسوسی ایشنز کے ساتھ تال میل کر کے یوتھ گیمز کا فارمیٹ تیار کیا گیا ہے۔ جس سے ریاستی سطح کی ٹیم میں کھلاڑیوں کو موقع مل سکے۔
وزیر سارنگ نے بتایا کہ اس انعقاد میں بلاک سطح سے انتخابی عمل شروع کیا جائے گا۔ ضلعی سطح پر ریاست کے 313 ترقیاتی بلاکس کی شرکت ہوگی اور ریاستی سطح پر بھوپال، گوالیار، اندور، جبل پور، ریوا، ساگر، اجین اور شہڈول ریاست کے 08 ڈویژنوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ تین مرحلوں (بلاک، ضلع اور ریاستی سطح) میں 14 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہاکی، جوڈو، کھو-کھو، ملکھمب، تیراکی، ویٹ لفٹنگ، کشتی، ٹیبل ٹینس، یوگ آسن، ٹینس اور شطرنج شامل ہیں۔ وہیں چار مرحلوں (بلاک، ضلع، ڈویژن اور ریاستی سطح) میں 7 کھیلوں-باسکٹ بال، فٹ بال، کبڈی، والی بال، کرکٹ، روایتی کھیل پٹو اور رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ 6 کھیلوں-تائیکوانڈو، فینسنگ، روئنگ، کیاکنگ-کینونگ، شوٹنگ اور آرچری (تیر اندازی) کے مقابلے سیدھے ریاستی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔
بھوپال میں ایتھلیٹکس، فینسنگ، مرد کرکٹ، کیاکنگ-کینونگ، روئنگ، تیراکی، شوٹنگ، مرد ہاکی اور باکسنگ مقابلے منعقد ہوں گے۔ اندور میں باسکٹ بال، ویٹ لفٹنگ، ٹیبل ٹینس اور ٹینس، شیو پوری میں خواتین کرکٹ، گوالیار میں خواتین ہاکی، پٹو اور بیڈمنٹن، اجین میں ملکھمب، یوگ آسن، کبڈی، رسہ کشی اور کشتی، جبل پور میں کھو-کھو اور آرچری، ریوا میں فٹ بال اور جوڈو، نرمداپورم میں تائیکوانڈو اور شطرنج نیز ساگر میں والی بال مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزیر سارنگ نے کہا کہ کھیلو ایم پی یوتھ گیمز-2025 ریاست کے ابھرتے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور ایم پی کو کھیلوں کے شعبے میں نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن