
کولکاتا، 21 دسمبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش میں جاری تشدد اور بدامنی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کولکاتا میں کسی بھی طرح کی بدانتظامی نہ پھیلنے دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ہفتہ کی سہ پہر کولکاتا پولیس کی ماہانہ کرائم میٹنگ کے دوران پولیس کمشنر منوج ورما نے اس سلسلے میں واضح ہدایات دیں۔
ذرائع کے مطابق، پولیس کمشنر نے میٹنگ میں کہا کہ بنگلہ دیش میں موجودہ حالات کے چلتے اگر کولکاتا میں کسی بھی طرح کی بدامنی یا گڑبڑی کا خدشہ نظر آئے، تو فوری سخت قدم اٹھائے جائیں۔ کولکاتا پولیس کے تحت آنے والے حساس علاقوں میں خاص نگرانی رکھنے کے ساتھ ساتھ، ایس آئی آر سے جڑی سماعت کے دوران شہر اور خاص طور پر مضافاتی تھانہ علاقوں میں سخت چوکسی برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس دوران شہر میں تہواروں کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ سامنے کرسمس اور اس کے بعد نیا سال ہے۔ پولیس کمشنر نے تہواروں کے دوران امن و قانون اور سیکورٹی بنائے رکھنے کو لے کر سبھی تھانوں کو الرٹ رہنے کو کہا ہے۔ کرسمس اور نیو ایئر کی رات شہر میں نائٹ پارٹیوں کا انعقاد ہوتا ہے اور دیر رات تک سڑکوں پر لوگوں کی بھاری بھیڑ رہتی ہے۔ ایسے میں چھیڑ چھاڑ یا خواتین کے ساتھ کسی بھی طرح کی بدتمیزی نہ ہو، اس پر خاص نظر رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ نشے میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کو کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی ہوٹل اور گیسٹ ہاوسوں میں باقاعدہ تلاشی اور مہم چلانے کی ہدایات بھی مقامی تھانوں کو دی گئی ہیں۔
میٹنگ میں شہر میں حالیہ دنوں میں ہوئی آتشزدگی کے واقعات پر بھی بات چیت کی گئی۔ آتش گیر مادوں کے ذخیرے سے جڑے گوداموں کے لائسنس کا جائزہ لینے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے لیے تمام تھانوں کو اپنے اپنے علاقے میں واقع آتش گیر اشیاء کے گوداموں کی تعداد، وہاں کس طرح کے جلنے والے مادے رکھے گئے ہیں، اس کی جانکاری اکٹھی کرنے کو کہا گیا ہے۔ کسی بھی طرح کی بے ضابطگی پائے جانے پر متعلقہ گوداموں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات پولیس کمشنر نے دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن