
گریڈیہہ، 21 دسمبر (ہ س)۔ ضلع کے دیوری تھانہ علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے کی زد میں آنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ واقعہ دیوری تھانہ علاقے کے چترو کے پاس جموا-چکائی مین روڈ پر ہفتہ کی رات کا ہے۔
مہلوکین کی شناخت کانٹی دیگھی گاوں کے رہنے والے متھلیش کمار رائے (35) اور گادی دیگھی گاوں کے ٹولہ منجھلا ڈیہہ کے رہائشی رام کمار رائے (55) کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کے سلسلے میں بتایا جا رہا ہے کہ متھلیش کمار بائیک سے جا رہے تھے اور راجکمار رائے پیدل چل رہے تھے تبھی یہ واقعہ چترو ہٹیا موڑ کے پاس اچانک ہوا۔ حادثے کے بعد دونوں بے ہوشی کی حالت میں سڑک کنارے پڑے ملے تھے۔ کچھ دیر بعد حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر دونوں کے اہل خانہ پہنچے اور دونوں کو علاج کے لیے اسپتال لائے۔ لیکن ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
حادثے کی اطلاع پر دیوری تھانہ کے سب انسپکٹر رام پکار سنگھ بھی نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں انہوں نے واقعے کے سلسلے میں معلومات حاصل کیں۔ اتوار کو دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا۔ فی الحال پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن