
علی گڑھ, 21 دسمبر (ہ س)عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر شعبہ عربی،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیر اہتمام آن لائن دو روزہ علمی و فکری پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ ان کا مقصد عربی زبان کی عالمی اہمیت، عصری تقاضوں اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
’’احتفالاً بالیوم العالمی للغۃ العربیۃ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس دو روزہ پروگرام کے افتتاحی اجلاس میں صدر شعبہ پروفیسر محمد فیضان بیگ نے مہمان خصوصی اردن کے پروفیسر محمد علی موسیٰ ابنیان، مدیر مرکز اللغات، جامعۃ العلوم والتکنولوجیا الأردنیۃ کا استقبال کرتے ہوئے موضوع کا ایک مختصر خاکہ پیش کیا۔ انھوں نے اپنے تعارفی کلمات میں عربی و اسلامی علوم میں تاریخی کاوشوں کا حوالہ دیتے ہوئے دورِ حاضر میں عربی زبان کی اہمیت، افادیت اور تیزی سے بدلتے ہوئے جدید حالات میں عربی زبان و ادب اور عمومی طور علوم عربیہ کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی نظامت کا فریضہ شعبہ عربی کے ایم اے سال اوّل کے طالب علم فائز جمیل نے انجام دیا۔ شعبہ عربی ایم اے سال آخر کے طالب علم سیف اللہ نے ’’الذکائ الاصطناعی واللغۃ العربیۃ‘‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا، جس میں مصنوعی ذہانت کے تناظر میں عربی زبان کے امکانات اور چیلنجز کو انھوں نے واضح کیا۔
مہمان خصوصی پروفیسر محمد علی موسیٰ ابنیان ،مدیر مرکز اللغات، جامعۃ العلوم والتکنولوجیا الأردنیۃ نے موجودہ حالات میں عربی زبان و ادب کے تقاضوں کے موضوع پر اپنا جامع کلیدی خطبہ پیش کیا ،جس میں انھوں نے عربی زبان کی اہمیت اور عصر حاضر میں عربی تعلیم و تحقیق کے تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ پہلے دن کی نشست کے اختتام پر ڈاکٹر عرفات ظفر، استاذ شعبہ عربی نے کلمات تشکر ادا کئے۔
صدر شعبہ عربی پروفیسر محمد فیضان بیگ کی زیرصدارت دوسرے دن کے پروگرام کے افتتاح پر ابو حمزہ فلاحی، ریسرچ اسکالر شعبہ عربی نے عربی زبان کے عالمی دن کے منائے جانے کی وجوہات، اس کی ابتدا اور تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے عربی زبان کو اسلامی تہذیب و تمدن کی علامت بلکہ فکری و ثقافتی امتزاج کا ایک اہم وسیلہ بتایا۔
شعبہ عربی کے پروفیسر ثنائ اللہ ندوی نے ’’النشاطات الأدبیۃ فی بریطانیا فی ضوئ الرحلۃ الأکادیمیۃ الأخیرۃ ‘‘کے موضوع پر برطانیہ کے اپنے حالیہ سفر کے تجربات بیان کیے، وہاں کے اہم تاریخی و سیاحتی مقامات کا تعارف کرایا اور عربی زبان سے وابستہ اعلیٰ تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع کے سلسلہ میں طلبہ کی رہنمائی کی۔ آخر میں صدر شعبہ عربی پروفیسر محمد فیضان بیگ نے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ