سالانہ اسپورٹس ہفتہ کا اہتمام، سالانہ میگزین ’اسپیکٹرم ‘ کا اجرا
علی گڑھ, 21 دسمبر (ہ س)۔ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول میں سالانہ اسپورٹس ہفتہ کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی مقابلوں میں 100 میٹر
اسپورت ویک


علی گڑھ, 21 دسمبر (ہ س)۔ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول میں سالانہ اسپورٹس ہفتہ کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی مقابلوں میں 100 میٹر دوڑ، 4x100میٹر ریلے ریس اور رسہ کشی شامل تھے۔

اس موقع پر اسکول کے سالانہ میگزین ’اسپیکٹرم ‘کا اجرائ بھی ہوا۔ میگزین میں طلبہ اور اساتذہ کی تعلیمی، ادبی اور تخلیقی کاوشوں کو شامل کیا گیا ہے، جو سال بھر کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

تقریب میں ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن پروفیسر قدسیہ تحسین، ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر محمد اعظم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروفیسر صالحہ جمال اور ڈاکٹر عبدالقادر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، سیدنا طاہر سیف الدین اسکول کے پرنسپل مسٹر فیصل نفیس اور راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول کے پرنسپل سید تنویر نبی شامل ہوئے۔

اس موقع پر پروفیسر قدسیہ تحسین نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، قیادت کی صلاحیت اور خود اعتمادی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ تعلیم اور کھیلوں میں توازن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے آر ایم پی سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول کے طلبہ کی شاندار کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسکول میگزین کو سال بھر کی سرگرمیوں کا جامع دستاویز قرار دیا۔ اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے طلبہ کو وقت کی قدر کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے موبائل فون کے ذمہ دارانہ استعمال پر بھی زور دیا اور کہا کہ موبائل فون کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہئے اور اس کے لئے وقت کی حد مقرر ہونی چاہئے۔

ڈاکٹر عبدالقادر نے کہا کہ کھیل طلبہ کو زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے اور جیت و ہار دونوں کو یکساں جذبے کے ساتھ قبول کرنے کی تربیت دیتے ہیں۔مسٹر فیصل نفیس نے کہا کہ جدید تعلیمی نظام میں تعلیم اور کھیلوں کے درمیان توازن نہایت ضروری ہے تاکہ طلبہ ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بن سکیں۔ سید تنویر نبی، پرنسپل، راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول نے اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تدریسی عملے کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ سالانہ میگزین اسپیکٹرم کو تین حصوں انگریزی، اردو اور ہندی میں شائع کیا گیا ہے۔ اس کے مدیران محمد نعیم (انگریزی)، ڈاکٹر محمد ذوالفقار (ہندی) اور ڈاکٹر فیض الرحمٰن (اردو) ہیں،جب کہ چیف ایڈیٹر ڈاکٹر محمد فیاض الدین ہیں۔

پروگرام کا اختتام نائب پرنسپل ڈاکٹر شاہد جلیل کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔ پروگرام کی نظامت سینئر استاد سعید انور صدیقی نے کی۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande