
تین بار کے گرینڈ سلیم فاتح اسٹین واورنکا 2026 کے بعد لیں گے ریٹائرمنٹ
پیرس، 20 دسمبر (ہ س)۔ تین بار کے گرینڈ سلیم سنگلز چیمپئن اسٹین واورینکا نے جمعہ کو اعلان کیا کہ 2026 سیزن ان کا آخری پروفیشنل ٹینس سیزن ہوگا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے واورنکا نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کا اختتام ”سب سے بہترین طریقے“ سے کرنا چاہتے ہیں۔ واورینکا نے لکھا، ”ہر کتاب کا ایک اختتام ہوتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ایک پروفیشنل ٹینس کھلاڑی کے طور پر اپنے کیریئر کا آخری باب لکھوں۔ 2026 میرا ٹور پر آخری سال ہوگا۔“
مارچ میں 41 برس کے ہونے والے واورنکا نے مردوں کی ٹینس کے سنہری دور میں اپنی الگ پہچان بنائی، جب روجر فیڈرر، رافیل نڈال اور نوواک جوکووچ کا دبدبہ تھا۔ انہوں نے 2014 میں آسٹریلین اوپن، 2015 میں فرنچ اوپن اور 2016 میں یو ایس اوپن کا خطاب جیتا۔
اپنے کیریئر میں واورنکا نے کل 16 اے ٹی پی خطاب اپنے نام کیے، حالانکہ ان کا آخری خطاب 2017 میں جنیوا میں آیا تھا۔ 2014 میں وہ ورلڈ رینکنگ میں کیریئر کے بہترین تیسرے مقام تک پہنچے۔ حالیہ برسوں میں چوٹوں سے جوجھنے کی وجہ سے ان کی رینکنگ گر کر 157 ہو گئی ہے۔
واورنکا کے نام ٹور لیول 582 جیت درج ہیں، جو فعال کھلاڑیوں میں چوتھی سب سے زیادہ ہیں۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف گیل مونفلس ہیں، جنہوں نے بھی اگلے سال کے آخر میں ریٹائرمنٹ لینے کا منصوبہ بتایا ہے۔
سوئس اسٹار نے 2008 بیجنگ اولمپک میں روجر فیڈرر کے ساتھ ڈبلز میں گولڈ میڈل جیتا تھا اور 2014 میں سوئٹزرلینڈ کو اس کا پہلا ڈیوس کپ خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ واورنکا اپنے آخری سیزن کی شروعات پرتھ میں ہونے والے یونائیٹڈ کپ سے کریں گے، جس کی شروعات 2 جنوری سے ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن