
ممبئی، 20 دسمبر (ہ س)۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کو وجے ہزارے ٹرافی کے پہلے دو میچوں کے لیے ممبئی کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈر شاردول ٹھاکر کو ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے۔ ممبئی کی اس ٹیم میں سرفراز خان، مشیر خان اور نوجوان بلے باز انگکرش رگھوونشی بھی شامل ہیں۔ تاہم، اجنکیا رہانے، یشسوی جیسوال اور آیوش مہاترے جیسے نام ٹیم میں نظر نہیں آئے۔ اس کے باوجود سلیکٹرز نے کئی نئے چہروں کو موقع دیا ہے۔
چنمے سوتار، جو2019 میں انڈیا ایمرجنگ ٹیم کے لیے چار لسٹ اے میچ کھیل چکے ہیں،کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ نوجوان بلے باز ایشان مولچندانی اور تیز گیندباز اومکار ترمالے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ اومکار ترمالے کو حال ہی میں سن رائزرس حیدرآباد نے آئی پی ایل نیلامی میں حاصل کیا تھا۔
ٹیم میں تجربہ کار بلے باز سدھیش لاڈ، وکٹ کیپر ہاردک تاتمورے اور اسپن جوڑی شمس ملانی اور تنوش کوٹیان بھی ہیں، جو ممبئی کا توازن مضبوط کرتے ہیں۔
ممبئی کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے۔ ٹیم 24 دسمبر کو جے پور میں سکم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ دو دن بعد 26 دسمبر کو ممبئی کا مقابلہ اتراکھنڈ سے ہوگا۔
ممبئی اسکواڈ (وجے ہزارے ٹرافی):
شاردول ٹھاکر (کپتان)، روہت شرما (پہلے دو میچ)، ایشان مولچندانی، مشیر خان، انگکرش رگھوونشی، سرفراز خان، سدھیش لاڈ، چنمے سوتار، آکاش آنند (وکٹ کیپر)، ہاردک تامورے (وکٹ کیپر)، شمس ملانی، تنوش کوٹیان، تشار دیش پانڈے، اونکار ترمالے، سلویسٹر ڈسوزا، سیراج پاٹل اور سوریانش شیڈگے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد