
لکھنؤ، 20 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے ہفتہ کو کہا کہ میڈیکل کے طلباء پہلے اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ملک جاتے تھے، لیکن اب ہمارے طلباء یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہندوستان میں سہولیات کی کمی ہے۔ ہندوستان میں اب ادارے، بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات موجود ہیں۔ طبی میدان میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔
مرکزی وزیر صحت نڈا یہاں کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو)کی 21ویں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے جی ایم یو نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کی ہے۔ یہاں سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے طلباء دنیا کے دیگر ممالک میں اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے جی ایم یو کی شاندار تاریخ ہے۔ یہاں کام کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کے جی ایم یو نے لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ میں جگہ بنائی ہے۔ نڈا نے کہا کہ کانووکیشن طلبہ کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ اب آپ کے کندھوں پر بڑی ذمہ داری ہے۔ آپ کو اپنی سماجی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔ مریض کو صحت مند کرنا آسان کام نہیں ہوتاہے۔ مریض اپنی جان بچانے اور اس کی حفاظت کی امید لے کر آپ کے پاس آتا ہے۔
جے پی نڈا نے کہا کہ 20ویں صدی تک ملک میں صرف ایک ایمس تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اب ملک میں 23 ایمس ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں، پردھان منتری آیوشمان بھارت یوجنا کو پورے ملک میں نافذ کیا گیا۔ یہ اسکیم دنیا کا سب سے بڑا ہیلتھ انشورنس کوریج پلان ہے۔ آیوشمان بھارت یوجنا کے ذریعے 62 کروڑ خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ اس اسکیم کے تحت غریبوں اور خاص طور پر 70 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو 5 لاکھ روپے تک کا مفت بیمہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
تقسیم اسناد کی تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے کہا کہ کے جی ایم یو دنیا کے بہترین طبی مرکز کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔ یہاں کی او پی ڈی میں روزانہ 10 ہزار مریض آتے ہیں۔کے جی ایم یو میں پڑھنا اور یہاں سے ڈگری حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔ طبی تعلیم کے ساتھ سا تھ کے جی ایم یونے مریضوں کے علاج میں ایک نئی جہت پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش میں 17 سرکاری میڈیکل کالج اور 23 نجی شعبے کے میڈیکل کالج تھے۔ آج 81 میڈیکل کالج پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری اسپتالوں میں مناسب ادویات اور وسائل دستیاب ہیں۔
ریاستی وزیر مینکیشور شرن سنگھ نے ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ مریضوں کی خدمت کریں اور ملک اور ریاست کا نام روشن کریں۔
گورنر آنندی بین پٹیل، مرکزی وزیر مملکت اور بی جے پی کے ریاستی صدر پنکج چودھری، کے جی ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر کے کے سنگھ، جنرل سکریٹری ڈاکٹر سنتوش کمار، شعبہ سرجری کے صدر پروفیسر ابھینو ارون سونکر، اور شعبہ پلمونری کریٹیکل کیئر میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر وید پرکاش تقریب میں موجود تھے۔ کے جی ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر سونیا نتیا نند نے جے پی نڈا کا خیرمقدم کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد