
بھوپال، 20 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ نوجوان طاقت ہی ہمیشہ نئی تاریخ لکھتی ہے۔ نوجوانوں کی بے پناہ توانائی، انوویشن (جدت طرازی) اور انٹرپرینیورل سوچ سے ہی ہمارا مدھیہ پردیش مسلسل ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری ریاست نوجوان توانائی سے بھرپور ہے اور اجتماعی کوششوں سے ہم ترقی کی نئی بلندیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ ہم ہندوستانیوں کے ڈی این اے میں ہے۔ انٹرپرینیورشپ ہماری ثقافت کا اٹوٹ حصہ رہی ہے، جسے آج کے نئے صنعت کار جدید ٹیکنالوجی، انوویشن اور اپنے ہنر سے نئی سمت دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ہفتہ کو اندور کے بریلینٹ کنونشن سینٹر میں ینگ انٹرپرینیور فورم سمٹ-2025 سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے نئے صنعت کاروں نے اپنی ذہانت، ہنر اور جدید تکنیکی علم کا استعمال کر کے روزگار پیدا کرنے کے عمل کو فروغ دیا ہے۔ اپنی لگن، محنت اور خود اعتمادی سے انہوں نے خود کا نیا مقام بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستانی انٹرپرینیورشپ کی خاصیت یہی ہے کہ ہم صرف منافع کمانے تک ہی محدود نہ رہیں، بلکہ سماج اور قوم کے مفاد سے بھی ہمیشہ جڑے رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوان صنعت کاروں نے جوکھم اٹھانے کی صلاحیت اور اپنی ہمت سے سماج اور ریاست کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نوجوان صنعت کاروں کو نیک خواہشات دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب جو بھی کرنا چاہتے ہیں، پورے دل اور خود اعتمادی کے ساتھ کریں۔ شروعات کر لی ہے تو توسیع کی طرف بڑھیں اور اگر توسیع کر رہے ہیں تو پورے سماج کو ساتھ میں لینے کی کوشش کریں۔ حکومت مددگار بن کر ہمیشہ آپ سب کے ساتھ کھڑی ہے۔ نئے صنعت کاروں کو ان کا کاروبار، بزنس یونٹ، صنعتی اکائی کے قیام سمیت اس میں پیداوار شروع کرنے تک تمام ضروری مدد مہیا کرائی جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی طرف پوری طاقت اور محنت سے آگے بڑھیں اور اپنے انوویشن اور انٹرپرینیورشپ سے خود کفیل مدھیہ پردیش کی تعمیر میں سرگرم کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں فارما سے لے کر ایگری کلچر تک، فشریز سے لے کر فوڈ پروسیسنگ تک، ٹیکنالوجی سے لے کر ٹورزم تک، آٹوموبائل سے لے کر مینوفیکچرنگ، ہر شعبے میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور روزگار کے نئے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انٹرپرینیورشپ تبھی کامیاب ہے جب وہ قومی فلاح سے بھی جڑی ہو۔ نئے ہندوستان کی تعمیر کا سنہرا موقع نوجوان صنعت کاروں کو ملا ہے تو ملک کی ترقی میں ناقابل فراموش کردار ادا کیجیے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہندوستان کا روشن مستقبل آج ہمارے ساتھ ہے۔ نوجوانوں نے اپنے اپنے شعبوں میں خیال، عقیدت، صنعت اور سرمایہ کاری کے ذریعے سماج کو سمت دی ہے۔ کسی نے قوم اور اقدار کو فکر انگیز سمت دی، کسی نے نوجوانوں کو مقصد اور نظم و ضبط سے جوڑا، کسی نے کاروباری اعتماد کو بیدار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان صارف نہیں، پیداوار کرنے والا ملک بنے، یہی آج کی ضرورت ہے اور یہ کام نوجوانوں کے عزم سے ہی پورا ہوگا۔ نوجوان ہی ہندوستان کو 5 ٹریلین اکانومی والی معیشت بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں انٹرپرینیورشپ عوامی فلاح کی روایت کے طور پر ہمارے خون میں بہتی ہے۔ ملک صرف روزگار سے نہیں، انٹرپرینیورشپ سے آگے بڑھتا ہے۔ صنعت سے کئی لوگوں کو روزگار ملتا ہے، معیشت کا پہیہ گھومتا ہے۔ مدھیہ پردیش تیزی سے ترقی کرتی ریاستوں میں پیش پیش ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں ہم نے صنعت، سرمایہ کاری اور روزگار کے شعبے میں فیصلہ کن اور دور رس قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیا ’انویسٹ ایم پی 3.0‘ پورٹل شروع کیا ہے۔ نیا پورٹل سرمایہ کاروں کو پالیسی، اجازت، ترغیب اور اے آئی پر مبنی فزیبلٹی جیسی کئی سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب کرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے پاس ایک لاکھ ایکڑ کا وسیع لینڈ بینک ہے، مدھیہ پردیش میں جی پی ایس سسٹم کے ذریعے صنعتی لینڈ بینک کو مضبوط کیا گیا ہے، تاکہ سرمایہ کاروں کو وقت پر اور مناسب زمین دستیاب ہو سکے۔ ہمارا مقصد ریاست میں نہ صرف سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسیاں تیار کرنا ہے، بلکہ ان کا مؤثر نفاذ یقینی بنانا بھی ہے۔
کانفرنس سے مرکزی وزیر برائے مواصلات اور نارتھ ایسٹ ریجن ڈیولپمنٹ جیوترادتیہ سندھیا سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آبی وسائل کے وزیر تلسی سلائوٹ، ایم ایل اے مالنی گوڑ، ایم ایل اے مدھو ورما، ایم ایل اے رمیش میندولا، اندور کے میئر پشیہ متر بھارگو، مدھو سودن، پرکاش شاستری، وکاس کھیمانی، رجت سین، سدھارتھ، راج موہن سمیت دیگر عہدیداران اور بڑی تعداد میں نوجوان صنعت کار، اسٹارٹ اپ نمائندے اور صنعتی دنیا سے جڑے ماہرین بھی موجود تھے۔ ینگ انٹرپرینیور سمٹ میں انٹرپرینیورشپ، نئے روزگار کی تخلیق اور تکنیکی انوویشن پر مختلف سیشنز میں تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن