
مرکزی وزیر نے بھوپال میں ہوئی شہری ترقیاتی وزراء کی علاقائی میٹنگ سے کیا خطاب
بھوپال، 20 دسمبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر برائے ہاوسنگ اور شہری امور منوہر لال نے کہا ہے کہ شہروں کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت سے ملنے والی بجٹ رقم کا پورا استعمال وقت پر کیا جائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2047 تک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان (آتم نربھر بھارت) کا جو تصور کیا ہے، اسے تبھی پورا کیا جا سکے گا، جب مرکز اور ریاستی حکومت پورے تال میل کے ساتھ کام کریں گی۔ مرکزی وزیر برائے شہری امور منوہر لال ہفتہ کو دارالحکومت بھوپال کے کشابھاو انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں شہری ترقیاتی وزراء کی علاقائی میٹنگ (شمالی اور وسطی ریاستیں) سے خطاب کر رہے تھے۔ میٹنگ میں انہوں نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان اور اتر پردیش کے شہری ترقیاتی وزراء، وزرائے مملکت، حکومت ہند اور ریاستوں کے افسران سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر منوہر لال نے سوچھ سرویکشن 26-2025 کے لیے تیار کی گئی ہدایت نامہ (ٹول کٹ) کا اجرا کیا۔
مرکزی شہری وزیر نے کہا کہ سال 2047 تک ہندوستان کی شہری آبادی اندازے کے مطابق کل آبادی کی 50 فیصد تک ہو جائے گی۔ جب ہم اسے دھیان میں رکھتے ہوئے شہری منصوبوں پر عمل درآمد کریں گے، تبھی ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان بنا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت شہری امور نے منصوبوں کے بہتر نفاذ کے لیے ملک میں علاقہ وار ریاستوں کی میٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریاست کی جغرافیائی صورتحال اور پریشانیاں الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت سپورٹنگ سسٹم کے طور پر کام کرتی ہے، ٹھوس کوشش تو ریاستی حکومتوں کو ہی کرنی ہوگی۔
مرکزی شہری وزیر منوہر لال نے کہا کہ علاقائی میٹنگ میں پردھان منتری آواس یوجنا، امرت یوجنا، سوچھ بھارت مشن اور شہری ٹرانسپورٹ نظام پر خاص طور سے بات چیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) میں تیار مکانوں کے الاٹمنٹ نہیں ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ریاستی حکومتوں کو یہ کوشش کرنی ہوگی کہ عوام کی مالی شراکت داری موثر طریقے سے کی جائے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ سب کو رہائش مرکزی حکومت کی فلیگ شپ اسکیم ہے۔ اس منصوبے کو پورا کرنے کے لیے پردھان منتری آواس یوجنا کے ساتھ پرائیویٹ رئیلٹی سیکٹر کے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔
مدھیہ پردیش کے وزیر برائے شہری ترقیات اور ہاوسنگ کیلاش وجے ورگیہ نے بتایا کہ ریاست میں شہری بلدیاتی اداروں کو معاشی اور تکنیکی طور پر خود کفیل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرمدا ندی کے کنارے بسے شہروں میں سیوریج کے کام کو ترجیح دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے عزم کیا ہے کہ نرمدا ندی میں گندا پانی نہ ملایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے شہری علاقوں میں جائیدادوں کی جی آئی میپنگ کی گئی ہے۔ اس کام سے پراپرٹی ٹیکس میں 150 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے امرت یوجنا میں ادھورے کاموں کو پورا کرنے کے لیے مرکز سے مدد دینے کی گزارش کی۔ پروگرام کو مرکزی سکریٹری برائے ہاوسنگ اور شہری امور نئی دہلی شرینواس کٹیکتھلا نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ کے انعقاد کے بارے میں جانکاری دی۔ پروگرام کے دوران محکمہ شہری ترقیات اور ہاوسنگ کی جانب سے شہریوں کو دی جانے والی آن لائن خدمات پر مبنی ویڈیو فلم کی نمائش کی گئی۔ فلم میں پانی کے صحیح استعمال، اربن لاکر، وہیکل فیول نگرانی سسٹم اور دیگر خدمات کے ڈیجیٹلائزیشن کی جانکاری دی گئی۔ میٹنگ کے آغاز میں ایڈیشنل چیف سکریٹری شہری ترقیات اور ہاؤسنگ سنجے دوبے اور کمشنر شہری ترقیات سنکیت بھونڈوے نے نمایاں کامیابیوں کی جانکاری دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن