
وزیر اعلیٰ نے مدھیہ پردیش آئی اے ایس ایسوسی ایشن سروس میٹ 2025 سے کیا خطاب
بھوپال، 19 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ سوامی وویکانند کا خیال تھا کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی ہوگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موثر قیادت اور رہنمائی میں آج وویکانند جی کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ موجودہ وقت میں دنیا کا ہر ملک ہندوستان سے دوستی کرنا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان اب ہر چیلنج اور صورتحال کا سامنا کرنے کا اہل ہے۔ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران کے کردار کی بنیاد پر ہی ہندوستان آج دنیا کے سامنے مضبوطی سے کھڑا ہے۔ ہمارے انتظامی افسران ہر چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے ملک کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے بے شمار تنوع کے درمیان آج ملک میں یہ سروس سیکٹر مضبوطی اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعہ کو ایم پی آئی اے ایس ایسوسی ایشن سروس میٹ-2025 کے افتتاحی موقع پر دارالحکومت بھوپال کی اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے شمع روشن کر کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ افتتاحی موقع پر چیف سکریٹری انوراگ جین، ریٹائرڈ افسران سمیت مدھیہ پردیش کیڈر کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو اس موقع پر یادگاری نشان بھی پیش کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد سردار ولبھ بھائی پٹیل کی کوششوں کے نتیجے میں انتظامی نظام قائم ہو سکا۔ ملک میں راجاوں کے اقتدار کو جمہوریت میں بدلنے میں انتظامی افسران کا اہم کردار رہا۔ ہمارے ملک کے آئینی نظام میں وفاقی نظام ہے اور اس درمیان ریاست کے افسران نے مرکز اور ریاستوں کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے ریاست کا بہتر امیج بنایا ہے۔ مدھیہ پردیش ایک لیبارٹری کی طرح ہے، جہاں کئی شعبوں میں مسلسل انوویشن (جدت طرازی) ہوئے اور ان میں سے کئی انوویشنز کی ملک اور دنیا میں پیروی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مودی قابلیت اور تجربے کی اہمیت کو پہچانتے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ سروس کی مدت مکمل ہونے کے بعد بھی کئی افسران کے تجربے کا فائدہ حکومت کے نظام کو مل رہا ہے۔ ریاست کے تمام انتظامی افسران احترام کے حقدار ہیں۔ خوشی کی بات ہے کہ تمام افسران ایک خاندان کی طرح ہر مشکل سے نکلنے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔
مدھیہ پردیش آئی اے ایس ایسوسی ایشن کے صدر اے سی ایس منو شریواستو نے کہا کہ سروس میٹ میں نئے وینچرز کی کامیابی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش ایسی ریاست ہے، جو سب کو اپنا لیتی ہے۔ ریاست کے آئی اے ایس افسران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت میں ریاست کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش آئی اے ایس ایسوسی ایشن ایک خاندان کی طرح ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پی نرہری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت میں ریاست میں خدمت کا کام مکمل وقار کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن