
مدھیہ پردیش میں سرد لہر اور کوہرے کا ڈبل اٹیک، آج 13 اضلاع میں الرٹ، پارہ 5 ڈگری سے نیچے
۔ کوہرے کی وجہ سے ٹرین-فلائٹ خدمات متاثر
بھوپال، 19 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں ٹھنڈ کا قہر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ ریاست کے مالوا-نماڑ خطے میں سردی نے ریکارڈ توڑ تیور دکھائے ہیں، جہاں کئی اضلاع میں کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ وہیں گوالیار-چمبل، ریوا اور ساگر ڈویژن میں گھنے کوہرے نے عام زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ صبح کے وقت حالات ایسے رہے کہ ایک کلومیٹر کے بعد ویزیبلٹی بے حد کم ہو گئی۔
محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کو ریاست کے 13 اضلاع میں گھنے کوہرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ کوہرے کا سب سے زیادہ اثر ٹرانسپورٹ خدمات پر دیکھنے کو ملا۔ دہلی سے اندور اور بھوپال آنے والی کئی ٹرینیں 30 منٹ سے لے کر 5 گھنٹے تک تاخیر سے چلیں۔ کوہرے کے باعث فضائی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ بھوپال کے راجہ بھوج ہوائی اڈے سے دہلی، ممبئی، گوا اور بنگلور جانے والی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ جمعرات کو کئی پروازیں 20 منٹ سے ایک گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے گوالیار، مرینا، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنا، ستنا، ریوا، مئوگنج، سیدھی اور سنگرولی میں گھنے کوہرے کی وارننگ دی ہے۔ وہیں بھوپال، اندور، اجین، دیواس، سیہور، رائسین، ودیشا اور آس پاس کے علاقوں میں بھی کوہرا چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں ویزیبلٹی 1 سے 4 کلومیٹر کے درمیان رہ سکتی ہے۔
ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت شہڈول ضلع کے کلیان پور میں درج کیا گیا، جہاں پارہ 3.5 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ بھوپال میں کم از کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری، اندور میں 4.5، اجین میں 7.3 اور جبل پور میں 9.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ مالوا-نماڑ کے اندور، اجین، مندسور اور شاجاپور میں سردی کا اثر سب سے زیادہ رہا۔
موسم سائنسدانوں کے مطابق شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں سرگرم جیٹ اسٹریم بھی درجہ حرارت میں گراوٹ کی بڑی وجہ ہے۔ اونچائی پر تیز رفتار سے بہہ رہی ہواوں کے باعث فی الحال ریاست میں ٹھنڈ اور کوہرے سے راحت ملنے کے آثار کم ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن