مدھیہ پردیش میں بھوپال میٹرو کا 20 دسمبر کو آغاز، منوہر لال کریں گے افتتاح
افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو رہیں گے موجود بھوپال، 19 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ہفتہ، 20 دسمبر کو جدید ترین میٹرو ریل سروس کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔ مرکزی وزیر برائے ہاوسنگ اور شہری امور منوہر لال بھوپال کے
بھوپال میٹرو


افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو رہیں گے موجود

بھوپال، 19 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ہفتہ، 20 دسمبر کو جدید ترین میٹرو ریل سروس کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔ مرکزی وزیر برائے ہاوسنگ اور شہری امور منوہر لال بھوپال کے کشابھاو انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں شام 4 بجے اس کا افتتاح کریں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھی موجود رہیں گے۔ اس کے بعد مرکزی وزیر منوہر لال اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو سبھاش میٹرو اسٹیشن پر ہری جھنڈی دکھا کر میٹرو کو روانہ کریں گے۔ مرکزی وزیر اور وزیر اعلیٰ میٹرو میں سفر بھی کریں گے۔ دونوں ایمس پہنچ کر پریس سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وزیر برائے شہری ترقیات اور ہاوسنگ کیلاش وجے ورگیہ بھی موجود رہیں گے۔

مدھیہ پردیش میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایس کرشن چیتنیہ نے جمعہ کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرو کے آغاز کے بعد اتوار، 21 دسمبر سے عام لوگ اس میں سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو کے پرائیورٹی کوریڈور میں کل آٹھ اسٹیشن ہیں۔ میٹرو کے آپریشن (چلنے) کا وقت اور کرایہ طے کر دیا گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ بھوپال میٹرو میں ابتدائی دنوں میں کسی طرح کی مفت سیر کی سہولت نہیں دی جائے گی اور مسافروں کو پہلے دن سے ٹکٹ لے کر ہی سفر کرنا ہوگا۔ پہلے مرحلے میں بھوپال میٹرو سبھاش نگر سے ایمس تک چلائی جائے گی۔ میٹرو سروس صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک دستیاب رہے گی۔ حالانکہ، مسافروں کی تعداد اور ضرورت کو دیکھتے ہوئے آگے چل کر وقت میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ ابتدائی دور میں میٹرو تین کوچ کے ساتھ چلے گی۔ فی الحال دہلی میٹرو کی طرح خواتین کے لیے الگ سے کوئی کوچ مقرر نہیں کیا گیا ہے۔

رابطہ عامہ افسر مکیش مودی نے بتایا کہ ملک کے دل مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کو ایک اور اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ بھوپال میٹرو جدید ترین ریل سروس ہے۔ بھوپال میٹرو 30.8 کلومیٹر طویل پروجیکٹ بھوپال کے شہری علاقے کو آسان، تیز اور ماحول دوست بنائے گی۔ پروجیکٹ میں دو کوریڈور لائن اور ایک ڈپو ہے۔ بھوپال میٹرو کی اورینج لائن 16.74 کلومیٹر اور بلو لائن 14.16 کلومیٹر کی ہے۔ یہ پروجیکٹ شہر کے اہم تجارتی اور رہائشی علاقوں کو جوڑتے ہوئے ٹریفک کے دباو کو کم کرے گا اور شہریوں کے معیار زندگی کو بلند کرے گا۔ بھوپال میٹرو جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے ساتھ ہی شہر کی ترقی کی علامت ہے۔ اسمارٹ، محفوظ اور ماحول دوست سفر کو فروغ دیتے ہوئے یہ پروجیکٹ آمدورفت کو آسان بنائے گا۔ آغاز کے ساتھ بھوپال ایک جدید، سرسبز اور آسان دارالحکومت بننے کی سمت میں ایک اہم قدم بڑھا رہا ہے۔

بھوپال میٹرو کے پہلے مرحلے اورینج لائن ’پرائیورٹی کوریڈور‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ تقریباً 7 کلومیٹر کے اس حصے میں 8 ایلیویٹڈ اسٹیشن شامل ہیں۔ یہ اسٹیشن ایمس، الکا پوری، ڈی آر ایم آفس، رانی کملا پتی اسٹیشن، ایم پی نگر، بورڈ آفس چوراہا، کیندریہ ودیالیہ اور سبھاش نگر ہیں۔ یہ کوریڈور شہر کے مصروف راستوں پر آسان ٹریفک فراہم کرے گا اور آلودگی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔ میٹرو کا یہ کوریڈور شہریوں کے سفر کو سادہ اور آسان بنائے گا۔

بھوپال میٹرو کی تخمینہ لاگت 10 ہزار 33 کروڑ روپے ہے۔ اس میں پرائیورٹی کوریڈور کی لاگت 2 ہزار 225 کروڑ روپے ہے۔ پرائیورٹی کوریڈور کی لمبائی 7 کلومیٹر ہے اور اس کوریڈور میں روزانہ 3 ہزار لوگوں کے سفر کرنے کا اندازہ ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande