
مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات منوہر لال بھی رہیں گے موجود
بھوپال، 19 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی وزارت برائے ہاوسنگ اور شہری امور کے زیر اہتمام شمالی اور وسطی ریاستوں کے شہری ترقیاتی وزراء کی علاقائی میٹنگ ہفتہ، 20 دسمبر کو صبح 11 بجے سے بھوپال کے کشابھاو ٹھاکرے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ میٹنگ میں مرکزی وزیر برائے ہاوسنگ اور شہری امور منوہر لال کھٹر، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور ریاست کے وزیر برائے شہری ترقیات اور ہاوسنگ کیلاش وجے ورگیہ موجود رہیں گے۔
محکمہ شہری ترقیات اور ہاوسنگ کے کمشنر سنکیت بھونڈوے نے جمعہ کو بتایا کہ میٹنگ کا اہم مقصد اہم شہری ترقیاتی منصوبوں کے موثر نفاذ کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تعاون اور تال میل کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ میٹنگ ریاستوں کو منصوبہ وار پیشرفت پیش کرنے، نفاذ سے جڑے مسائل کو شیئر کرنے، بہترین طریقۂ کار کے تبادلے اور وزارت سے پالیسی اور اسٹریٹجک رہنمائی حاصل کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ علاقائی میٹنگ میں چھتیس گڑھ، دہلی، راجستھان اور اترپردیش کے شہری ترقیاتی وزراء اور وزرائے مملکت، حکومت ہند اور ریاستوں کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔ پروگرام کی ایک اہم کشش صفائی سروے سال 26-2025 کے لیے گائڈ بک کا اجرا ہوگا۔ اس سلسلے میں کمشنر سنکیت بھونڈوے نے بتایا کہ یہ کتابچہ صفائی، پائیداری اور شہری مرکوز شہری انتظامیہ کو اور زیادہ مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
محکمہ ہاوسنگ کے کمشنر نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران پانچ سیشنز میں شہری ترقیات سے مربوط اہم موضوعات پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔ ان سیشنز کے ذریعے مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل قائم ہوگا اور منصوبوں کے نفاذ میں آ رہے عملی چیلنجوں کا حل نکالا جا سکے گا۔ امرت یوجنا کے تحت چل رہے اور مجوزہ کاموں کی پیشرفت، معیار اور وقت پر تکمیل سے متعلق موضوعات پر غور کیا جائے گا۔ منصوبے کے موثر نفاذ کے لیے ضروری اصلاحی اقدامات پر بھی غور و خوض ہوگا۔ سوچھ بھارت مشن کے تحت ڈمپ سائٹس کے سائنسی انتظام، ٹھوس کچرے کے تصفیے اور صفائی سے جڑے چیلنجوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ صفائی کے نظام کو اور زیادہ مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔
کمشنر نے بتایا کہ پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت زیر تعمیر اور منظور شدہ مکانات کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا اور مستحقین کو وقت پر رہائش فراہم کرنے میں آ رہے مسائل کے حل پر غور کیا جائے گا۔ انگیکار مہم کی موجودہ صورتحال، کامیابیوں اور چیلنجوں کا جائزہ لیتے ہوئے مہم کو زیادہ مؤثر اور عوامی شراکت داری پر مبنی بنانے کے لیے ضروری ہدایات طے کی جائیں گی۔ سیشن میں شہری ٹرانسپورٹ نظام کے تحت سٹی بس سروسز، زیر زمیں ریل نظام (میٹرو) اور پیدل راستوں سے متعلق آمدورفت کے نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔ ٹریفک کو آسان، محفوظ اور ماحول دوست بنانے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔
علاقائی میٹنگ سے ریاست وار اور منصوبہ وار نفاذ کے چیلنجوں کی شناخت، پروگراموں کو مضبوط بنانے کے لیے عملی سفارشات، مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل اور شہری انتظامیہ اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لیے ٹھوس اسٹریٹجک تجاویز حاصل ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن