
ممبئی ، 19 دسمبر(ہ س)۔ مہاراشٹر میں میونسپل
کارپوریشنوں کے انتخابات کے اعلان کے بعد نیشنل کانگریس پارٹی نے اپنی انتخابی
سرگرمیوں میں تیزی لا دی ہے۔ 23 دسمبر سے نامزدگی فارم داخل کرنے کے عمل کے آغاز
کے پیش نظر پارٹی کی انتخابی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی
سلسلے میں این سی پی کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے بتایا کہ ریاست
بھر کے کوآرڈینیٹروں، شہر صدور اور ضلع صدور کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد
کی گئی ہے۔
اس میں
ودربھ، مراٹھواڑہ، شمالی مہاراشٹر، مغربی مہاراشٹر اور ممبئی و تھانے خطے کی مختلف
میونسپل کارپوریشنوں کے عہدیداران شریک ہوئے۔ ودربھ کے ناگپور اور چندرپور،
مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد، جالنہ، پربھنی، ناندیڑ اور لاتور، شمالی مہاراشٹر کے
ناسک، اہلیہ نگر، جلگاؤں اور دھولیہ، مغربی مہاراشٹر کے پمپری-چنچوڑ، پونے، سانگلی،
اچل کرنجی، کولہاپور اور سولا پور، جبکہ ممبئی–تھانے خطے کے کلیان-ڈومبیولی، تھانے
شہر، میرا-بھائندر اور وسئی-ویرار میونسپل کارپوریشنوں کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی
غور کیا گیا۔
انہوں
نے بتایا کہ آج رات قومی صدر اجیت پوار کے ساتھ اس معاملے پر ایک اہم میٹنگ متوقع
ہے۔ قومی ورکنگ صدر پرفل پٹیل کو بھی صورتِ حال سے آگاہ کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ
دیویندر فڈنویس سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ان ملاقاتوں کے بعد 29 میونسپل
کارپوریشنوں کے انتخابات مہایوتی کے طور پر لڑنے سے متعلق پالیسی کو حتمی شکل دی
جا سکتی ہے۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے