
ستارا ڈرگس کیس میں شندے کا نام جوڑنا بے بنیاد، سیاسی مقصد سے حقائق کو مسخ کیا جا رہا ہے: فڑنویس
ممبئی، 19 دسمبر(ہ س)۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ
دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ ستارا میں سامنے آئے ڈرگس معاملے میں نائب وزیر اعلیٰ
ایکناتھ شندے کا نام شامل کرنے کی کوشش ایک سوچی سمجھی سیاسی چال ہے، جس کی وہ سخت
مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جو بھی شواہد سامنے آئے ہیں، ان میں ایکناتھ
شندے یا ان کے اہل خانہ کا کسی بھی سطح پر کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سنجیدہ نوعیت کے معاملات میں اس
طرح نام جوڑ کر عوام کو گمراہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ
قانون اپنا کام شواہد کی بنیاد پر کرے اور سیاست کو اس سے دور رکھا جائے۔
دیویندر فڑنویس ممبئی میں ورلڈ ہندو اکنامک فورم
کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے
کہا کہ ہندومت صرف ایک مذہب نہیں بلکہ ایک مکمل فلسفہ اور طرزِ زندگی ہے، جو صدیوں
سے ہماری ثقافت کی بنیاد بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب دنیا کی واحد مسلسل
تہذیب ہے، جسے سندھ تہذیب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کے مطابق آثارِ قدیمہ اس
بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہندوستانی تہذیب پتھر کے دور میں بھی ترقی یافتہ شکل
اختیار کر چکی تھی۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خوشحال ممالک
ہی عالمی سطح پر قیادت کرتے ہیں، اس لیے ہندوستان کو معاشی طور پر مضبوط بننا
ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے جدت طرازی میں آگے رہا ہے اور قدیم دور
میں بھی فلکیات اور جغرافیہ جیسے علوم ہمارے نظامِ فکر کا حصہ تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے