
غازی آباد، 19 دسمبر (ہ س)۔ غازی آباد ضلع کے بھوجپور تھانہ علاقہ میں جمعہ کو سڑک حادثہ میں دو نوجوان ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر مودی نگر امیت سکسینہ نے بتایا کہ بھوجپور تھانہ علاقہ کے کھرکھودہ روڈ پر گاؤں چوڈیال کے قریب پیدل چل رہے تین نوجوان عمران، وسیم اور صمد کو ایک نامعلوم ڈرائیور نے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹکر مار دی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں تینوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں علاج کے لیے اسپتال داخل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے عمران اور وسیم کو مردہ قرار دے دیا۔ صمد کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ سید پور گاؤں کا رہنے والا ناظم مزدوری کرتا ہے۔ اس کا 13 سالہ بیٹا عمران گاؤں کے اسکول میں پانچویں جماعت کا طالب علم تھا۔ محلے میں رہنے والا سلیم کا 16 سالہ بیٹا وسیم اور جان محمد کا 14 سالہ بیٹا صمد آپس میں گہرے دوست تھے۔ تینوں پیدل جا رہے تھے کہ نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کے اہل خانہ نے ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی