
وزیر اعلیٰ نے تکنیکی صلاحیت میں اضافے کے لیے خریدی گئی موبائل فارینسک وین کو ہری جھنڈی دکھا کر کیا روانہ
بھوپال، 18 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ریاست میں جرائم کی تفتیش، ثبوت جمع کرنے اور سائنسی جانچ کی صلاحیت کو مضبوط کرنے کے لیے تیار کی گئی موبائل فارینسک وینوں کو پولیس ہیڈ کوارٹر بھوپال سے جمعرات کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موبائل فارینسک وین مدھیہ پردیش کے مختلف اضلاع میں سین آف کرائم کے انویسٹی گیشن میں انتہائی کارگر ثابت ہوں گے۔ پولیس محکمہ کے ذریعے کی گئی یہ پہل فارینسک پر مبنی، تیز اور درست تفتیش کو فروغ دے گی، جس سے جرائم کے جلد انکشاف، سزا کی شرح میں اضافہ اور شہریوں میں حفاظت کا بھروسہ اور مضبوط ہوگا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ مدھیہ پردیش پولیس کو کل 57 موبائل فارینسک وین دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ ان کی لاگت 36 کروڑ 94 لاکھ 17 ہزار 969 روپے ہے۔ رقم مرکزی حکومت کے ذریعے دی گئی ہے۔ ان میں سے 14 موبائل فارینسک وین 16 دسمبر 2025 کو حاصل ہوئی ہیں، جنہیں روانہ کیا گیا ہے۔ باقی موبائل فارینسک وین بھی جلد ہی اضلاع کو دستیاب کرائی جائیں گی۔
موبائل فارینسک وین جدید ترین آلات سے آراستہ ہیں، جن میں اسٹیریو مائیکرو اسکوپ، ویئنگ بیلنس، ڈی ایس ایل آر کیمرہ، منی فرج، ایل ای ڈی ٹی وی اسکرین، تھرمل پرنٹر، باڈی وارن کیمرہ سمیت ضروری آلات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، وینوں میں جانچ کٹ، کرائم سین سیفٹی کٹ، فنگر پرنٹ، خون و بال کی شناخت، ہائی انٹینسٹی فارینسک لائٹ سورس، پیر و ٹائر کے نشان، آتش زنی، ثبوت پیکنگ، بلٹ ہول، گن شاٹ باقیات، منشیات، دھماکہ خیز مواد کی شناخت اور ڈی این اے کلیکشن و چین آف کسٹڈی سے متعلق کٹ بھی دستیاب ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن