
بھوپال، 18 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں بدھ کی دیر رات تک غیر قانونی طور پر چل رہے اسنوکر کلب میں ایک نوجوان پر قاتلانہ حملہ کیے جانے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ کوہ فضا تھانہ علاقے کے لال گھاٹی کے اسنوکر کلب پر فردین نامی نوجوان پر دو بدمعاشوں نے نوکیلے ہتھیار سے حملہ کر دیا۔ ملزم نے فریادی پر ایک کے بعد ایک تقریباً 7 وار کیے۔ خون آلودہ نوجوان بے ہوش ہو کر زمین پر گر گیا۔ اس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ اسنوکر کلب پر موجود دیگر لوگوں نے فردین کی جان بچائی ہے۔ پوری واردات کلب میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی ہے، جس کا ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
جانکاری کے مطابق بدھ کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے لال گھاٹی علاقے میں ڈیوڈ اسنوکر کلب پر گیم کھیلتے وقت بیکری آپریٹر فردین پر ایک نوجوان نے قاتلانہ حملہ کر دیا۔ وہ ہاتھ میں پنچ پہنے تھا۔ پرانے تنازعہ کے سبب ملزم نے واردات کو انجام دیا ہے۔ ملزم اور فریادی کے بڑے بھائی کے درمیان 10 دن پہلے تنازعہ ہوا تھا۔ اسی کا بدلہ لینے کی نیت سے واردات کو انجام دیا گیا۔ دونوں ملزم امان اور جبران بتائے جا رہے ہیں۔ فردین کے سر پر سنگین چوٹ آئی ہے۔ موقع پر موجود لوگوں نے کسی طرح بیچ بچاو کر اس کی جان بچائی اور اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اسنوکر کلب میں لگا واردات کا سی سی ٹی وی ویڈیو جمعرات کو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے۔
ٹی آئی کے جی شکلا کے مطابق فریادی فردین خان کوتوالی علاقے میں رہتے ہیں اور وہیں بیکری چلاتے ہیں۔ ڈیوڈ پول پر گیم کھیلتے وقت، فردین پر ہاتھ میں پنچ پہن کر اچانک حملہ کیا۔ جس سے اسے چوٹیں آئی ہیں، اس کی اطلاع پر ایف آئی آر درج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ حملے کے ملزم امان اور جبران ہیں، جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی دونوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن