
جموں, 18 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے سال 2026 کے لیے سرمائی تعطیلات کے شیڈول کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ حکم رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی کورٹ میں سرمائی تعطیلات یکم جنوری سے 24 جنوری 2026 تک رہیں گی۔ اس دوران یکم جنوری سے 10 جنوری 2026 تک کا عرصہ ’نو ورک پیریڈ‘ قرار دیا گیا ہے، جس کے دوران عدالت میں کوئی عدالتی کام انجام نہیں دیا جائے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ رولز 1999 کے رول 12 کے تحت چیف جسٹس نے تعطیلات کے دوران فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے ویکیشن ججز نامزد کیے ہیں۔ جموں وِنگ کے لیے جسٹس سنجے پریہار 12 جنوری سے 17 جنوری 2026 تک ویکیشن جج کے طور پر خدمات انجام دیں گے، جبکہ جسٹس راجیش سکھری 19 جنوری سے 24 جنوری 2026 تک فوری مقدمات کی سماعت کریں گے۔
اسی طرح سری نگر وِنگ کے لیے جسٹس شہزاد عظیم کو 12 جنوری سے 17 جنوری 2026 تک، جبکہ جسٹس محمد یوسف وانی کو 19 جنوری سے 24 جنوری 2026 تک ویکیشن جج نامزد کیا گیا ہے۔حکم نامہ مجاز اتھارٹی کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے اور سرمائی تعطیلات کے دوران ہائی کورٹ کی کارروائی اسی کے مطابق انجام دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر