
واشنگٹن ،18دسمبر (ہ س )۔
امریکی کانگریس نے گزشتہ روز شام پر معزول رہنما بشار الاسد کے دور میں عائد کردہ پابندیاں مستقل طور پر ختم کر دیں جس سے جنگ سے تباہ حال ملک میں سرمایہ کاری کی واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ پہلے ہی دو بار پابندیوں کا نفاذ معطل کر چکے ہیں۔
لیکن شام کے صدر احمد الشرع نے پابندیاں مستقل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ جب تک یہ اقدامات برقرار رہیں گے، تب تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے کاروباری اداروں کو شام میں سرمایہ کاری پر قانونی کارروائی کا خطرہ لاحق رہے گا۔
سینیٹ نے سالانہ دفاعی پیکیج کے طور پر سیزر ایکٹ 2019 کی منسوخی کے حق میں ووٹ دیا۔ سینیٹ نے قانون سازی کے حق میں بیس کے مقابلے میں 77 ووٹ دیئے جسے ایوانِ نمائندگان پہلے ہی منظور کر چکا ہے اور ٹرمپ کے اس پر دستخط کرنے کی توقع ہے۔
سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی اعلیٰ ڈیموکریٹ سینیٹر جین شاہین نے کہا، وسیع پیمانے پر دونوں جماعتوں کے قانون سازوں کی حمایت یافتہ منسوخی شامی عوام کو کئی عشروں کی ناقابلِ تصور تکالیف کے بعد تعمیرِ نو کا حقیقی موقع فراہم کرنے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ دمشق نے اس فیصلے کو اہم موڑ قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ