
کھڑگپور/ہاوڑہ، 17 دسمبر (ہ س)۔ سانتراگاچھی ریل علاقے میں منگل کی رات ایک بڑا ریل حادثہ ٹل گیا۔ سانتراگاچھی ریل یارڈ کی طرف جا رہی ایک ٹریک مینٹیننس ٹرین کے دو کوچ اچانک پٹری سے اتر گئے۔ غنیمت رہی کہ ٹرین کی رفتار کم تھی، جس سے کوئی جان و مال کا نقصان نہیں ہوا۔ حالانکہ، اس واقعے کی وجہ سے ریل ٹریفک کافی دیر تک متاثر رہا۔
ساوتھ ایسٹ ریلوے ذرائع کے مطابق، منگل کی رات پدم پوکر اسٹیشن سے سانتراگاچھی ریل یارڈ کی طرف روانہ ہوئی ٹریک مینٹیننس ٹرین باکسارا لیول کراسنگ کے پاس پہنچتے ہی تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئی۔ اسی دوران ٹرین کے دو کوچ پٹری سے اتر گئے۔ جھٹکے کے بعد ٹرین اپ لائن پر ہی رک گئی۔
حادثےت کے بعد شالیمار اور سانتراگاچھی اسٹیشنوں کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہو گئی۔ اس کا اثر ساوتھ ایسٹ ریلوے کے کھڑگپور ڈویژن پر بھی پڑا۔ پہلے سے ہی ہاوڑہ-کھڑگپور ریل روٹ پر کئی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی تھیں، ایسے میں اس واقعے کے بعد اپ اور ڈاون دونوں لائنوں پر ٹرینوں کو دھیمی رفتار سے چلانا پڑا۔
پٹری سے اترنے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے سینئر افسران موقع پر پہنچے۔ سانتراگاچھی ریل یارڈ سے ایکسیڈنٹ ریلیف ٹرین بھیجی گئی اور جنگی پیمانے پر بحالی کا کام شروع کیا گیا۔ دیر رات تک کوشش کر کے لائن سے اترے کوچوں کو دوبارہ پٹری پر چڑھایا گیا۔
ریل افسران نے بتایا کہ ٹرین کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا۔ ساوتھ ایسٹ ریلوے کے ایک رابطہ عامہ افسر نے بتایا کہ بحالی کا کام پورا ہونے کے بعد ہاوڑہ-سانتراگاچھی ریل روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت مجموعی طور پر معمول پر کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن