
ویلور، 17 دسمبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج تمل ناڈو کے ویلور ضلع کے سری پورم سورن مندر احاطے کا دورہ کریں گی۔ وہ یہاں سورن مندر احاطے میں تعمیر شدہ دھیان مندر کا افتتاح کریں گی۔ صدر جمہوریہ کے دورے کے مد نظر ضلع انتظامیہ اور پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
ضلع پولیس کے سینئر افسران کے مطابق، ویلور شہر اور خاص طور پر سورن مندر کے آس پاس کے علاقوں میں 1,000 سے زیادہ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے مندر کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیتے ہوئے ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔
سیکورٹی کے تحت پولیس نے مندر کے آس پاس واقع اریور علاقے کے ہاسٹلوں میں مقیم غیر ملکی اور باہری لوگوں کی سخت جانچ کی، تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو روکا جا سکے۔ اسپیشل سیکورٹی فورس کے 3 ڈپٹی سینئر پولیس افسران اور انسپکٹرز کی قیادت میں ٹیم نے پورے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
مندر احاطے میں دو سطحی سیکورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج صبح 11.05 بجے تروپتی سے سری پورم پہنچیں گی۔ وہ دھیان منڈپ کا افتتاح کرنے کے بعد بھگوان کے درشن کریں گی اور دوپہر 12.30 بجے ہیلی کاپٹر سے تروپتی کے لیے روانہ ہوں گی۔
اس موقع پر تمل ناڈو کے گورنر آر این روی بھی صبح چنئی سے سڑک کے راستے شری پورم پہنچیں گے اور افتتاحی تقریب میں حصہ لیں گے۔
صدر جمہوریہ کے پروگرام کے دوران شری پورم-ہوسور روڈ پر ریفک پر پابندی رہے گی۔ انتظامیہ نے عام عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن