فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں 15 روزہ پی جی اورینٹیشن پروگرام کا آغاز
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں 15 روزہ پی جی اورینٹیشن پروگرام کا آغاز علی گڑھ، 17 دسمبر (ہ س)۔ اجمل خان طبیہ کالج کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں نو وارد پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے استقبال اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ تیاری کے مقصد سے 15 روزہ پوسٹ گریجویٹ
طبیہ کالج پروگرام


فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں 15 روزہ پی جی اورینٹیشن پروگرام کا آغاز

علی گڑھ، 17 دسمبر (ہ س)۔ اجمل خان طبیہ کالج کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں نو وارد پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے استقبال اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ تیاری کے مقصد سے 15 روزہ پوسٹ گریجویٹ اورینٹیشن پروگرام کا آغاز ہوا، جس میں طبی تعلیم کے شعبے کی ممتاز شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ اورینٹیشن پروگرام میں اسکالرز کو پوسٹ گریجویٹ نصاب سے روشناس کرانے کے ساتھ ہی ہمہ جہت پیشہ ورانہ ترقی، شخصیت سازی، ابلاغی مہارت، پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق، کیمپس کی اخلاقیات اور رویے، پرزنٹیشن اسکلز اور وسیع تر سماجی مسائل سمیت متعدد موضوعات پر مبنی سیشن شامل ہیں، جن کے ذریعے پوسٹ گریجویٹ اسکالرز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اختصاص کے شعبوں میں جامع بصیرت پیدا کریں گے۔

مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محسن خان نے نووارد طلبہ کو خوش آمدید کہا اور میڈیکل آفیسر کے طور پر تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خدمت کے مواقع کو استعمال کریں اور صحت عامہ کی خدمات کو مستحکم بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔

پروگرام کا آغاز پروفیسر بی ڈی خان، پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جس میں انہوں نے حالیہ تعلیمی کامیابیوں پر روشنی ڈالی، جن میں بہار میڈیکل سروسز میں طلبہ کا انتخاب بھی شامل ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی خلا کو دور کرنے کی اپیل کی تاکہ اجمل خاں طبیہ کالج کو باضابطہ طور پر کیو یو آئی فریم ورک میں شامل کیا جا سکے۔

طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے اپنے بصیرت افروز کلمات سے نئے بیچ کی حوصلہ افزائی کی اور سینئر عہدوں پر خدمات انجام دینے والے سابق طلبہ کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وزارتِ آیوش اور این سی آئی ایس ایم جیسے قومی اداروں میں اجمل خاں طبیہ کالج کے فیکلٹی ممبران کی مؤثر نمائندگی پر بھی زور دیا۔

مہمانِ اعزازی ڈاکٹر وسیم احمد، پرنسپل و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ایس یو ایم سی ایچ الہ آباد نے اورینٹیشن پروگرام کو ہر میڈیکل طالب علم کے تعلیمی سفر کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا۔ انہوں نے یونانی طب کی تعلیم میں اجمل خاں طبیہ کالج کے مقام و مرتبے کے مطابق اسے کیو یو آئی میں شامل کیے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدارتی خطاب میں حکیم مودود اشرف نے یونانی طب کی کلاسیکی کتب، بالخصوص علم الادویہ اور کلیات کی کتب کو کلینیکل پریکٹس میں اہم قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تشخیص اور علاج کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے تجربہ کار اطباء کی رہنمائی حاصل کریں۔

آخر میں پروگرام کی چیف کوآرڈینیٹر پروفیسر آسیہ سلطانہ نے اظہار تشکر کیا اور فیکلٹی اراکین اور کوآرڈینیٹرز بشمول ڈاکٹر عزیز الرحمٰن اور ڈاکٹر ایس ایم احمر کی خدمات کا اعتراف کیا۔ افتتاحی نشست کی نظامت ڈاکٹر ابیہہ احمد خان نے کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande