
ممبئی
، 17 دسمبر(ہ س)۔ سرکاری رہائشی اسکیم گھوٹالہ معاملے میں
مہاراشٹر کے اسپورٹس وزیر مانک راؤ کوکاٹے کے خلاف قانونی گرفت سخت ہو گئی ہے۔
ناسک ضلع سیشن عدالت نے بدھ کو مانک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی وجے کوکاٹے کی
فوری گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
عدالتی
کارروائی کے بعد کوکاٹے کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے ضلع عدالت کے
فیصلے پر روک اور پیشگی ضمانت کی درخواست داخل کی ہے۔ مانک راؤ کوکاٹے پر الزام
ہے کہ انہوں نے سرکاری رہائش اسکیم کے تحت رعایتی فلیٹس حاصل کرنے کے لیے جعلی
کاغذات استعمال کیے اور سرکاری وسائل کا گبھن کیا۔
واضح
رہے کہ منگل کے روز ناسک ضلع سیشن عدالت نے مجسٹریٹ عدالت کے فیصلے کو برقرار
رکھتے ہوئے کوکاٹے کو سنائی گئی دو سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا پر فوری
عمل درآمد کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد سابق رکن اسمبلی تکارام دیگھولے کی بیٹی
انجلی دیگھولے راٹھوڑ کے وکیل نے عدالت سے گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست
کی۔
عدالت
نے درخواست پر غور کرتے ہوئے مانیک راؤ کوکاٹے اور ان کے بھائی کے خلاف فوری
گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق کوکاٹے نے 1995 میں سرکاری
رہائشی اسکیم کے تحت ضرورت مند افراد کے لیے مختص فلیٹس جعلی دستاویزات کے ذریعے
حاصل کیے تھے۔
اس
معاملے کی شکایت سابق وزیر تکارام دیگھولے کی جانب سے ناسک مجسٹریٹ عدالت میں درج
کرائی گئی تھی، جس کے بعد گنگاواڑا پولیس اسٹیشن میں کوکاٹے سمیت چار ملزمان کے
خلاف مقدمہ درج ہوا۔ 20 فروری کو مجسٹریٹ عدالت نے چاروں ملزمان کو سزا سنائی تھی،
جسے اب ضلع سیشن عدالت نے برقرار رکھا ہے اور اسی بنیاد پر فوری گرفتاری کے وارنٹ
جاری کیے گئے ہیں۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے